Live Updates

خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت ہیلتھ انشورنس پروگرام ورکنگ گروپ کا پہلا اجلاس

بدھ 27 مارچ 2024 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں ہیلتھ انشورنس پروگرام کے ورکنگ گروپ کا پہلا اجلاس منعقدہوا-اجلاس میں ڈاکٹر محمد عدنان خان، سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان، سپیشل سیکرٹری سید واجد علی شاہ، پی اینڈ ڈی سے محمد عثمان، ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل، پی ڈی پی ایم یو میاں طارق، سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق، سی ای او پی ایچ ایف ایم سی ڈاکٹر عاصم الطاف و دیگر نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران ہیلتھ انشورنس پروگرام میں مزید بہتری کیلئے اصلاحات کا جائزہ لیا۔سیکرٹری صحت علی جان خان اور سی ای او پی ایچ آئی ایم سی ڈاکٹر علی رزاق نے اس حوالے سے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف ہیلتھ انشورنس پروگرام میں مزید بہتری لانا چاہتی ہیں۔

ہیلتھ انشورنس پروگرام قائد میاں محمد نواز شریف کا برین چائلڈ تھا۔ پنجاب کی عوام کو صحت کی مفت سہولیات فراہم کرنے کا سب سے پہلے میاں محمد نواز شریف نے سوچا اور عملدرآمد کروایا تھا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ہیلتھ انشورنس پروگرام کے اصل ثمرات عام عوام تک پہنچانا چاہتے ہیں۔ ہیلتھ انشورنس پروگرام میں مزید بہتری کیلئے حتمی سفارشات وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو جلد پیش کی جائیں گی۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ہیلتھ انشورنس پروگرام کی بہتری کیلئے آئوٹ آف دی باکس حل نکالنا ہوگا۔ ماضی میں ہیلتھ انشورنس پروگرام میں بہت کوتاہیاں نظر آرہی ہیں۔ صوبائی وزیر صحت نے ہیلتھ انشورنس پروگرام کے مکمل آڈٹ کی ہدایت بھی کی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات