62 ہزار سے زائد غیر قانونی تارکین وطن 2023 کے دوران ہلاک یا لاپتہ ہوئے، بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرین

جمعرات 28 مارچ 2024 09:20

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) جنیوا میں قائم بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرین نے کہاکہ 2023 کے دوران 62 ہزار 285سے زائد غیر قانونی تارکین وطن ہلاک یا لاپتہ ہوئے ۔شنہوا کے مطابق ادارے نے اپنی سالانہ رپورٹ میں بتایا کہ 62 ہزار 285 غیر قانونی تارکین میں سے 28 ہزار 854 بارے خیال کیا جاتا ہے کہ وہ افریقی یا ایشیائی تھے جو بحیرہ روم کو عبور کرنے کی کوشش میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جن تارکین وطن کی شناخت کی جا سکی ہے ان میں سے ایک تہائی سے زیادہ کا تعلق افغانستان، برما، شام اور ایتھوپیا جیسے ممالک سے تھا جہا ں مسلح جھڑپیں ہوتی رہی ہیں۔دریں اثنا آئی او ایم کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ گزشتہ دہائی میں غیر قانونی تارکین وطن کے لیے سب سے مہلک سال 2023 رہا،خاص طور پر بحیرہ روم میں اموات کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے باعث گزشتہ سال 8 ہزار 541 غیر قانونی تارکین وطن اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔