جرمنی میں موٹر وے پر بس الٹنے سے 4 افراد ہلاک،35زخمی

جمعرات 28 مارچ 2024 12:39

برلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) جرمنی کے شہر لیپزگ کے قریب موٹر وے پر بس الٹنے سے 4 افراد ہلاک اور تقریباً 35 زخمی ہو گئے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پولیس نے بتایا کہ گزشتہ روز بس جرمن دارالحکومت برلن سے سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ جا رہی تھی اور اس دوران بس الٹنے سے 35مسافر زخمی ہو گئے جن میں سے 6کی حالت تشویش ناک ہے۔

جرمن آپریٹر فلکس بس نے بتایا کہ بس میں 52 مسافر اور2 ڈرائیور تھے۔

(جاری ہے)

فلکس بس نے ایک بیان میں کہا کہ حادثے کی کے وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ،ہم اس سلسلے مقامی حکام اور سائٹ پر موجود ہنگامی خدمات کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں ۔ حادثے میں دونوں ڈرائیور محفوظ رہے۔ جرمن حکام نے بتایا کہ ایمرجنسی سروسز نے جائے وقوعہ پر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا اور موٹر وے کو دونوں جانب سے بند کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق حادثے میں دیگر گاڑیوں کے ملوث ہونے کے کوئی اشارے نہیں ملے۔ جرمن وزیر ٹرانسپورٹ وولکر وِسِنگ نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔