Live Updates

پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے پتنگ بازی سے ہلاک ہونے والوں کے مقدمات میں دہشت گردی دفعات شامل کرنے کی تجویز دیدی

جمعرات 28 مارچ 2024 13:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے پتنگ بازی سے ہلاک ہونے والے افراد کے مقدمات میں دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے کی تجویز دیدی ہے۔ پتنگ بازی کے دوران گلے میں ڈور پھرنے سے واقعات میں اضافے پر پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے ملزمان کو سخت سزائیں دینے کی تجاویز سے متعلقہ مراسلہ جاری کردیا ہے۔

پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے اس حوالے سے جاری مراسلہ کی کاپی وزیر اعلی پنجاب مریم نواز ، سیکرٹری پراسیکیوشن اور پنجاب حکومت کو ارسال کردی ہے۔مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کائٹ فلائنگ آرڈیننس 2001 کو پتنگ بازی کے جان لیوا اثرات سے انسانوں کو بچانے کے لیے نافذ کیا گیا، آرڈیننس میں پتنگ بازی کی زیادہ سے زیادہ سزا تین سال اور 1 لاکھ جرمانہ ہے۔

(جاری ہے)

آرڈیننس کے مطابق پتنگ بازی کے مقدمات کو مجسٹریٹ معمولی جرم کے طور پر سن کر فیصلہ کرتا ہے، سزا کم ہونے سے پتنگ بازی کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے مراسلے میں کہاکہ پنجاب کائٹ فلائنگ آرڈیننس کے تحت درج مقدمات میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی جائیں ،ایسا کرنے سے ان خطرناک جرائم میں ملزمان کا ٹرائل جلد سے جلد ہوگا اور معاشرے میں ایک ڈر بیٹھے گا۔پتنگ بازی کوئی پرجوش سرگرمی نہیں بلکہ انسانوں کی جان کے لئے ایک خطرہ ہے، صوبہ پنجاب میں نافذ العمل قوانین، پتنگ بازی کی روک تھام کے لیے ناکافی ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات