اٹک، ڈی پی او آفس تا کچہری چوک تک پتنگ بازوں، پتنگ فروشوں اور منشیات فروشوں کے خلاف آگاہی واک کا اہتمام

جمعرات 28 مارچ 2024 15:05

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کی قیادت میں ڈی پی او آفس اٹک تا کچہری چوک اٹک تک ضلع بھر میں پتنگ بازوں، پتنگ فروشوں اور منشیات فروشوں کے خلاف آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈاکٹر جواد الہی میڈیکل سپریٹینڈنٹ اسفند یار بخاری ہسپتال اٹک، ڈسٹرکٹ بار اٹک کے ممبران، اساتذہ کرام، طلباء، سول سوسائٹی کے نمائندگان، ڈی ایس پی ٹریفک اٹک، ایس ایچ او سٹی اٹک، ایس ایچ صدر اٹک، میڈیا کے نمائندگان اور دیگر معززین نے کثیر تعدام میں شرکت کی۔

اس موقع پر ڈی پی او اٹک ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے میڈیا کے نمائندوں اور ریلی کے شرکاء سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی اور پتنگ فروشی ایک خونی کھیل ہے اس خونی کھیل کی روک تھام نا صرف ریاست کا بلکہ عوام الناس کا بھی فرض ہے کہ خطرناک کھیل کی روک تھام میں ریاست کا بھرپور ساتھ دے کر اپنا فرض ادا کریں تاکہ قیمتی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔

(جاری ہے)

پتنگ بازی کی روک تھام کے لیے بالخصوص والدین کو اپنا اہم کردار ادا کرنا ہو گاتا کہ ان کے بچوں کا مستقبل تباہ نہ ہو۔ اس خونی کھیل میں ملوث افراد کسی رعائیت کے مستحق نہیں ہیں خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گااس کے علاوہ ڈی پی او اٹک کا کہنا تھا کہ منشیات فروشی جیسے گھناؤنے جرم کا راستہ روکنے اور مذموم دھندے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے اٹک پولیس تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے اور سرزمین اٹک کو منشیات فروشوں سے پاک کر کے دم لے گی۔

دوران واک شہریوں کی زندگیوں کو دوران سفر موٹر سائیکل پر محفوظ بنانے کے لیے موٹر سائیکلوں پر حفاظتی وائر لگوائیں اور تقسیم کیں اور ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنانے کی ہدایات کی گئیں۔ واک میں شامل شرکاء نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پولیس کے ساتھ مل کر اپنی اور عوام الناس کی حفاظت کے لیے ہر حکمت عملی پر عمل کرنے کے لیے تیار ہیں ۔ عوامی اور سماجی حلقوں نے ڈی پی اواٹک ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کی کاوش کو سراہا۔\378