ایم ڈی واسا نے آپریشنز افسران کو پورٹلز پر درج شکایات1 روز میں حل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی

جمعرات 28 مارچ 2024 16:02

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے آپریشنز افسران کو پورٹلز پر درج شکایات 1 روز میں حل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی، بصورت دیگر سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سٹیزن پورٹل،سی ایم پورٹل سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر درج شکایات کے ازالہ کیلئے جائزہ اجلاس ایم ڈی واساکی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں انہوں نے ہدایت کی کہ حکومت پاکستان اور پنجاب حکومت سمیت تمام پورٹلز پر درج شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ صارفین کو فراہمی و نکاسی کی معیاری سروسز مہیا کرنے کے لئے شبانہ و روز محنت کررہے ہیں تاہم چند علاقے ایسے ہیں جہاں سے مسلسل شکایات رپورٹ ہو رہی ہیں ایسے علاقوں پر خاص نظر رکھی جائے تاکہ وہاں کی شکایات کا بروقت ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت تمام سیوریج لائنوں اور ڈرینج نالوں کی صفائی اور ڈی سلٹنگ شیڈول کے مطابق جاری ہے اور اس مہم کی کامیابی سے رواں سال مون سون سیزن میں شہریوں کے نکاسی آب کے حوالے سے مسائل حل ہو سکیں گے۔

انہوں نے آپریشنز اور ڈرینج ڈائریکٹوریٹس کے ڈائریکٹرز اور ان کے سٹاف کے مسائل بھی حل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر ثاقب رضا، ڈائریکٹرآئی اینڈ سی عمر افتخار، ڈائریکٹر آپریشنز کامران رضا، عدنان گل، فرحان اکرم، ڈائریکٹر واٹر عثمان ضیا، ڈائریکٹر ڈرینج ابوبکر رندھاوااور ڈپٹی ڈائریکٹر سی آر سی محمد امین ڈوگر شریک تھے۔