روس ایک وسیع مارکیٹ ہے ، پاکستانی برآمد کنندگان تجارت کو فروغ دے کر کثیر زرمبادلہ حاصل کر سکتے ہیں، وفاقی وزیرجام کمال خان

جمعرات 28 مارچ 2024 17:02

روس ایک وسیع مارکیٹ ہے ، پاکستانی برآمد کنندگان تجارت کو فروغ دے کر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ روس ایک وسیع مارکیٹ ہے ، پاکستانی برآمد کنندگان تجارت کو فروغ دے کر کثیر زرمبادلہ حاصل کر سکتے ہیں۔ جمعرات کو وزارت تجارت کے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انھوں نے پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ خوریو سے ملاقات میں کیا۔ملاقات میں تجارتی رابطوں کو بڑھانا اور دو طرفہ تجارت کے حقیقی امکانات سے فائدہ اٹھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال بھی کیا گیا ۔

روسی سفیر سے ملاقات میں وزیر تجارت نے کہا کہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے نئے راستے تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کے ذریعے روس کو کینو کی برآمدات کامیابی کے ساتھ جاری ہے ۔ جام کمال نے کہا کہ اس سال مالٹے کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے اس شعبے میں تجارت کو مزید بڑھانے کے کافی امکان موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران سفیر نے وزیر جام کمال کو اپریل اور جولائی میں ہونے والی آئندہ نمائشوں کے لیے دعوت دی۔

تجارتی افق کو وسعت دینے کے لیے سفیر نے پاکستان سے روس کو حلال گوشت برآمد کرنے کی تجویز پیش کی۔ جام کمال نے پاکستانی ٹرک ڈرائیوروں کو درپیش ویزا مسائل کے حوالے سے خدشات کو اجاگر کیا۔سفیر نے ویزا سے متعلق مسائل کو جلد سے جلد حل کرنے کے یقین دہانی کرائی۔