ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی کا پارلیمنٹ لاجز اور ایم این ایز ہاسٹل کی صفائی ستھرائی اور مرمتی کے کاموں میں کفایت شعاری، معیار اور یکسانیت کو یقینی بنانے پر زور

جمعرات 28 مارچ 2024 19:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2024ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے پارلیمنٹ لاجز اور ایم این ایز ہاسٹل کی صفائی ستھرائی کے انتظامات اور مرمتی کے کاموں کے دوران کفایت شعاری کی پالیسی پر عمل درآمد اور معیار کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔انہوں نے پارلیمنٹ لاجز اور ایم این ایز ہاسٹل میں صفائی ستھرائی میں غفلت اور مرمتی کے کاموں میں ناقص میٹریل کے استعمال پر برہمی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز اور ایم این ایز ہاسٹل میں مرمتی کے کاموں میں پائیداری اور مضبوطی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے پیسے کو ملک و قوم کے بہترین مفاد میں استعمال کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی ای) کے سینئر افسران سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے ممبران قومی اسمبلی کو الاٹمنٹ کے مسائل پر توجہ دلاؤ نوٹس پر گفتگو کرتے ہوئے پارلیمنٹ لاجز کی الاٹمنٹ، صفائی ستھرائی اور مرمتی کے کاموں کے لیے یکساں پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے پیسے کو ملک و قوم کے بہترین مفاد میں استعمال کے حوالے سے پائیداری اور معیار پر عمل کریں۔ اجلاس میں کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔