چوھدری شافع حسین سے ترکیہ کے قونصل جنرل کی ملاقات، پنجاب اور ترکیہ کے مابین تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

جمعرات 28 مارچ 2024 19:28

چوھدری شافع حسین سے ترکیہ کے قونصل جنرل کی ملاقات، پنجاب اور ترکیہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2024ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ترکیہ کے قونصل جنرل درمش باشتو نے ملاقات کی، پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات کے دوران پنجاب اور ترکیہ کے مابین تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا، ترکیہ کے قونصل جنرل نے چوہدری شافع حسین کو وزارت کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ پنجاب میں متعدد ترک کمپنیوں نے سرمایہ کاری کررکھی ہے اور یہاں سرمایہ کاری بڑھانا چاہتے ہیں۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ ترک کمپنیاں پنجاب میں سولر پینلز، الیکٹرک وہیکلز اور ویسٹ سے بجلی بنانے کے پلانٹ لگائیں۔ ترک کمپنیاں پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں، ہرممکن سہولت دیں گے، انہوں نے کہا کہ برادر اسلامی ملک ترکیہ کی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں، صوبائی وزیر نے کہا کہ تجارتی تعاون بڑھانے کے لئے رابطوں اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیی. انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن کے اداروں اور ان کی لیبز کو بہتر بنانا میراعزم ہے، ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ میں بھی ترکیہ تعاون فراہم کرسسکتا ہے، صوبائی وزیر نے ترک کمپنیوں کے تمام مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور وفاق سے متعلقہ ترک سرمایہ کار کمپنیوں کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں دوطرفہ تجارتی تعاون، ترک کمپنیوں کے مسائل اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا، سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن بھی ملاقات میں موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :