فیصل آباد،پولیس اور خطرناک اشتہاریوں میں مقابلہ

گولیاں لگنے سے 6سالہ بچی جاں بحق جبکہ کانسٹیبل بری طرح زخمی ہو گیا

جمعرات 28 مارچ 2024 19:51

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2024ء) تاندلیانوالہ کے نواحی گائوں 396 گ ب میں پولیس اور خطرناک اشتہاریوں میں مقابلہ‘ گولیاں لگنے سے 6سالہ بچی جاں بحق جبکہ کانسٹیبل بری طرح زخمی ہو گیا، خطرناک اشتہاری ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، پولیس نے قتل ہونے والی 6سالہ بچی عائشہ دختر اظہر اقبال کی نعش اور زخمی کانسٹیبل کو ہسپتال منتقل کر دیا، سی پی او نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈاکوئوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے کانسٹیبل جاوید اقبال کی عیادت کی اور قاتل ڈاکوئوں کو فوری گرفتاری کرنے کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دیں۔

تھانہ تاندلیانوالہ میں تعینات سب انسپکٹر حقنواز نے ماتحت پارٹی کے ہمراہ چک نمبر 396 گ ب میں ڈکیتی راہزنی کی وارداتوں میں ملوث علی رضا عرف بلا وغیرہ کو پکڑنے کیلئے چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ان پر سیدھی فائرنگ کر دی، فائرنگ کی زد میں آ کر گلی میں کھیلتی 6سالہ بچی عائشہ دختر اظہر اقبال اور سینے پر گولی لگنے سے کانسٹیبل جاوید اقبال بری طرح زخمی ہو گیا۔

(جاری ہے)

پولیس جوابی فائرنگ کے دوران مذکورہ ڈکیت موقع سے فرار ہو جانے میں کامیاب ہو گئے، تاہم پولیس نے مضروبان کو تشویشناک حالت میں سمندری ہسپتال پہنچایا، جہاں پر سر میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہونے والی بچی زندگی کی بازی ہار گئی۔ جبکہ کانسٹیبل کو تشویشناک حالت کے پیش نظر الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس پارٹی نے علاقہ کو گھیرا میں لیکر فرار ہونیوالے ڈاکوئوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ سی پی او کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کے احکامات جاری کئے اور الائیڈ ہسپتال میں زخمی کانسٹیبل کی عیادت کی۔ تاہم ابھی تک خطرناک اشتہاری ملزمان کو پکڑ نہ سکی ہے۔