وزیر اعلیٰ اپنی ٹیم کے ہمراہ رئیسانی روڈ اور دیگر زیر تعمیر کوئٹہ پیکج کے منصوبوں کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیں ، الطاف حسین گجر

جمعرات 28 مارچ 2024 20:35

۷کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2024ء) پاکستان پیپلزپارٹی کی صوبائی کونسل کے رکن و رہنماء الطاف حسین گجر ، ندیم احمد یوسفزئی، محمد علی کاکڑ، محمد اکرم سارنگزئی ، جمیل احمد رئیسانی، لیاقت گجر، احسان اللہ یوسفزئی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات سے اپیل کی ہے کہ کوئٹہ کے گنجان آباد علاقے رئیسانی روڈ کی گزشتہ 2 سال سے تعمیر التواء کا شکار ہونے کی وجہ سے نالیوں اور بارش کا گندا پانی سڑک پر بہنے اور کھڑا ہونے سے لوگوں کو گزرنے اور علاقہ مکینوں کے لئے اذیت کا باعث بنا ہوا ہے وزیر اعلیٰ فوری طور پر اپنی ٹیم کے ہمراہ رئیسانی روڈ اور دیگر زیر تعمیر کوئٹہ پیکج کے منصوبوں کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیں اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2 سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے کہ رئیسانی روڈ کو دیگر سڑکوں کی طرح چوڑاکرنے کے لئے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو نے کام کا آغاز کیا لیکن توڑ پھوڑ کرکے کام کو ادھورا چھوڑ دیا گیا جس کی وجہ سے نالوں اور سیوریج کا گندا پانی سڑکوں پر بہنے کے ساتھ ساتھ حالیہ بارشوں کا پانی بھی سڑک پر کھڑا ہونے کی وجہ سے علاقہ مکینوں اور گزرنے والوں کے لئے اذیت کا باعث بن چکا ہے متعدد بار حکام بالا کو آگاہ کیا گیا تا حال مذکورہ سڑک کی تعمیر اور مشکلات سے عوام کو چھٹکارا دلانے کے لئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا جس کی وجہ سے علاقے میں گندگی اور گردوغبار پھیلنے سے بیماریاں پھیل رہی ہے اور لوگ مختلف مسائل سے دو چار ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے سڑک کی تعمیر کو فوری طور پر یقینی بناکر لوگوں کو اس مشکل سے چھٹکارا دلائے۔