امریکہ کی پاک ایران گیس پائپ لائن معاہدے پر تحفظات اور سنگین نتائج کی دھمکی شرمناک ہے

جمعرات 28 مارچ 2024 21:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2024ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے امریکی ترجمان کے بیان پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف امریکا پاکستان میں امریکی مداخلت کی خبروں کو بے بنیاد قرار د یتا ہے جبکہ دوسری جانب میتھیوملر کا پاکستانی حکام کو ایران کیساتھ کسی بھی معاہدے سے باز رہنے کا حکم اور سنگین نتائج کی دھمکیاں شرمناک اقدام ہے۔

یہ امریکہ کی پاکستان کے اندورنی معاملات میں براہ راست مداخلت ہے۔ بھکاری اور غلام حکمرانوں نے ملک کو امریکی کالونی میں تبدیل کر دیا ہے۔ پاکستان 25 کروڑ عوام کا ایک آزاد خود مخٹار ملک ہے جس کا اپنا آئین، قانون اور اسلامی تشخص ہے، اس کو مجروع کرنے او ر قومی سلامتی سے کھیلنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جا سکتی ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ گو امریکہ گو کے علاوہ اب کوئی چارہ نہیں، جماعت اسلامی کا یہ اصولی موقف رہا ہے کہ حکمرانوں کے لئے پاکستان کی عزت، وقار اور سالمیت اولین ہونی چاہیے اور اس کے لئے ضروری ہے کہ قومی مفادات کو مدنظر رکھا جائے۔

بد قسمتی یہ ہے کہ ہر دور حکومت میں پاکستان کو امریکی طفیلی ریاست بنایا رکھا گیا ہے اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔جماعت اسلامی امریکہ سمیت دنیا کے ہر ملک کے ساتھ برابری کی سطح پر دوطرفہ تعلقات چاہتی ہے مگر غلام ذ ہنیت رکھنے اور چند ڈالروں کے عوض خود داری کو بیچنے والوں سے اس کی امید نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت اداروں کے درمیان محاز آرائی کی فضا قائم کی جارہی ہے، جس سے جمہوریت ڈی ریل ہو سکتی ہے، پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے تو تمام اداروں کو اپنی آئینی و قانونی دائرہ کار اور متعین حدود میں رہتے ہوئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک و قوم نازک حالات سے دوچار ہیں ۔معاشی بحران دن بدن سنگین ہوتا چلا جا رہا ہے ۔ اندورنی خلفشار اورسیاسی عدم استحکام سے ملک دشمن قوتیں فائدہ اٹھاتیں ہیں۔یوں محسوس ہوتا ہے کہ ماضی کے تلخ تجربات سے سبق حاصل نہیں کیا گیا۔