آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویژن کے افسران و اہلکاروں کو تعریفی اسناد سے نوازا

جمعرات 28 مارچ 2024 21:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دوران ڈیوٹی بہترین کارکردگی کے حامل لاہور پولیس کے افسران و اہلکاروں کی تعریفی اسناد سے حوصلہ افزائی کی ہے ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایس پی اقبال ٹائون اخلاق اللہ تارڑ، ایس پی صدر ڈویژن سدرہ خان، اے ایس پی چوہنگ کامل مشتاق، اے ایس پی رائے ونڈ شاہ رخ خان، اے ایس پی احمد گلشن راوی سرکل نصر اللہ ملک، ڈی ایس پی ٹاؤن شپ افتخار وریا اور ایس ڈی پی او مسلم ٹائون عاطف معراج کو تعریفی لیٹرز دئیے جبکہ گرین ٹاؤن، نواب ٹاؤن، ستو کتلہ، رائے ونڈ، جوہر ٹاؤن اور وحدت کالونی تھانوں کے ایس ایچ اوز اورٹیم میں شامل دیگر افسران و اہلکاروں کو سی سی ون سرٹیفیکیٹ سے نوازا گیا۔

(جاری ہے)

ایس پی اقبال ٹائون اخلاق اللہ تارڑ کی زیر قیادت پولیس ٹیم نے فراڈ کے ذریعے انسانی گردوں کو نکال کر آگے بیچنے کے نیٹ ورک میں شامل ملزمان کو بے نقاب کرکے گرفتار کیا ۔ اے ایس پی احمد گلشن راوی سرکل نصر اللہ ملک کی زیر قیادت پولیس ٹیم نے بینک سے رقم نکال کر جانے والے شہریوں کو لوٹنے والے ملزمان کے دو رکنی گروہ کو گرفتار کیا ۔ ایس پی صدر کی زیر قیادت چار پولیس ٹیموں نے جرائم کنٹرول، رابری معہ قتل کو ٹریس کرنے اور پولیس انفراسٹرکچر کی ڈویلپمنٹ میں نمایاں کردار ادا کیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پولیس کی ان چار ٹیموں کی ان تھک محنت کی بدولت صدر ڈویژن میں سنگین جرائم کے گراف میں 45فیصد جبکہ 15 کال ڈیٹا گذشتہ برس کے تقابلی جائزے میں 42 فیصد بہتری آئی۔پولیس ٹیموں نے مختلف واقعات میں مطلوب خطرناک ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا، رابری معہ قتل سمیت سنگین جرائم کے متعدد واقعات ٹریس کئے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایس پیزاقبال ٹائون اور صدر ڈویژن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے جرائم کنٹرول اور شہریوں کی بہترین خدمات کی فراہمی مزید بہتر کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہاکہ منظم جرائم کے خاتمے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ خواتین اور بچوں سے متعلقہ جرائم کی روک تھام کیلئے زیرو ٹالرنس کے تحت سخت کاروائیاں جاری رکھی جائے اور صنفی جرائم میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں ۔

ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ منشیات کے قلع قمع اور پتنگ بازی کی روک تھام کی جاری مہم کو بھرپور محنت سے مزید موثر بنایا جائے اور مکروہ و خطرناک کاروبار میں ملوث ملزمان کو سخت سے سخت سزائیں دلوائی جائیں ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی پنجاب پولیس کی احسن روایت ہے جس کا سلسلہ مستقبل میں جاری رکھا جائے گا ۔