وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر کا دورہ، سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کی استعدادکار بڑھانے کافیصلہ

جمعرات 28 مارچ 2024 21:45

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دورہ پشاور کے موقع پر سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈیٹا سنٹر۔ کرائم سین یونٹ۔ سی آئی اے یونٹ اور دیگر شعبوں کا وزٹ کیا۔بعدازاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس ہوا ، نیکٹا کے سربراہ رائے طاہر۔

انسپکٹرجنرل پولیس اختر حیات گنڈاپور اور سی ٹی ڈی کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی شوکت عباس نے ادارے کی کارکردگی کے بارے بریفنگ دی۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کی استعدادکار بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کو ضروری ڈیٹا تک رسائی کی سہولت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ فٹ پر ہے،سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کے سائبر سیل کو وسعت دی جائے گی اور ہر ممکن معاونت کریں گے۔ڈیٹا شئیرنگ کا موثر میکنزم بنایا جائے گا۔ محسن نقوی نے کہا کہ سی ٹی ڈی نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے اور خیبرپختونخوا میں سی ٹی ڈی کا ادارہ موثر انداز میں کام کر رہا ہےقوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر ناز ہے۔ اجلاس میں آئی جی خیبرپختونخوا نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کو دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے بارے بریفنگ دی۔