ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھائی کے ہاتھوں بہن کے قتل کے حوالے سے ہولناک انکشافات

مقتولہ کو باپ اور بھائی کی جانب سے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، زیادتی سے متعلق بھائی کو آگاہ کرنے پر قتل کر دیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 28 مارچ 2024 19:48

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھائی کے ہاتھوں بہن کے قتل کے حوالے سے ہولناک انکشافات
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مارچ2024ء) ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھائی کے ہاتھوں بہن کے قتل کے حوالے سے ہولناک انکشافات، مقتولہ کو باپ اور بھائی کی جانب سے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، زیادتی سے متعلق بھائی کو آگاہ کرنے پر قتل کر دیا گیا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی علاقے میں 22 سال کی ماریہ کے قتل کی ویڈیو بنانے والے بڑے بھائی اور بھابھی نے ہولناک انکشافات کیے ہیں۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے چک 477 میں بھائی کے ہاتھوں 22 سالہ قتل مقتولہ کے بھائی شہباز اور بھابھی نے انکشاف کہا کہ بہن ماریہ نے اپنے ساتھ زیادتی کا بتایا تھا۔ بھائی شہباز نے کہا کہ افطاری کے بعد جب بہن نے مجھ سے شکایت کی تو میں نے اپنے والد اور بھائی سے بات کی، لیکن جب میں باہر آیا تو والد اور بھائی نے میرے آنکھوں کے سامنے بہن کو قتل کیا۔

(جاری ہے)

شہباز نے کہا کہ ماریہ کو بچانے آیا تو بھائی اور والد نے میری بیٹیوں کو مارنے کی دھمکی دی جس کی وجہ سے وہ مزاحمت نہیں کرسکے، لیکن میں نے فون کال کے بہانے بہن کے قتل کی ویڈیو بنالی۔ بھابھی نے بتایا کہ جب ہم نے ماریہ سے ملاقات کی تو اس کے ہاتھ پاؤں باندھے ہوئے تھے، شہباز نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ ہے کہ پولیس میری مدعیت میں مقدمہ درج کرے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھائی کے ہاتھوں بہن کے لرزہ خیز قتل کا واقعہ پیش آیا تھا، 22 سالہ ماریہ کو ہولناک طریقے سے قتل کیا گیا، سگے بھائی نے گھر والوں کے سامنے بہن کو منہ پر تکیہ رکھ کر قتل کیا۔ قتل کے وقت کمرے میں باپ اور بھابھی سمیت دیگر موجود تھے، قاتل فیصل نے 3 منٹ تک ماریہ کا منہ تکیے سے دبائے رکھا اور مرنے کی تصدیق کرنے کے بعد رکا، پولیس حکام کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ 17 اور 18 مارچ کی درمیانی رات ماریہ کو قتل کر کے خاموشی سے تدفین کردی گئی تھی۔ پولیس کے مطابق ایک ملزم کی گرفتاری عمل میں آ چکی جبکہ دوسرے ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ جبکہ قبر کشائی کر کے مقتولہ کی لاش کا پوسٹ مارٹم بھی کروایا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :