غیر قانونی بھرتی کیس: چوہدری پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی کی ضمانت خارج کرنے کا تحریری فیصلہ جاری

جمعرات 28 مارچ 2024 20:55

ٴْلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2024ء) اینٹی کرپشن کورٹ کے جج ارشد حسین نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمے میں چوہدری پرویز الٰہی اور سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کی ضمانت خارج کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا،چار صفحات پر مشتمل فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ ملزموں کیخلاف نتائج میں رد و بدل اور جعل سازی کے شواہد موجود ہیں،فیصلے میں نشاندہی کی گئی کہ تحریری امتحان میں فیل ہونے والوں کو نمبر بڑھا کر پاس کیا گیا اور دو قسم کی رزلٹ شیٹس ریکارڈ پر موجود ہیں، من پسند امیدواروں کو بھرتی کرنے کے لیے سلیکشن کمیٹی میں تبدیلی کی گئی اور اسپیکر کو بھی اس میں شامل کیا گیا ،پرویز الٰہی سمیت دیگر ملزموں نے فیل ہونے والے امیدواروں کو پاس کر کے گریڈ 17 میں ملازمت دی،عدالت نے قرار دیا کہ کہ ملزمان کی ضمانت خارج کرنے کے لیے کافی مواد موجود ہے۔