ہرمسلمان کو داعی کا کردار ادا کرکے معاشرے میں قرآن کے نظام کو نافذ کرنے کی جدوجہد کرنا ہوگی‘امیر العظیم

جمعرات 28 مارچ 2024 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ ہرمسلمان کو داعی کا کردار ادا کرکے معاشرے میں قرآن کے نظام کو نافذ کرنے کی جدوجہد کرنا ہوگی ، جماعت اسلامی اسی مقصد کے لیے جدوجہد کررہی ہے ۔ منصورہ میں تقریب دورہ تفسیر قرآن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاشبہ قرآن کریم کو پڑھنا، سمجھنا اورسمجھانا اور سننا نیکی ہے تاہم اس سے بڑی نیکی یہ ہے کہ ہم سب اس نظام کے لیے کوششیں کریں جو حضور کی زندگی کا مقصد تھا اور جس کے لیے ان پر 23برس تک قرآن نازل ہوتا رہا۔

ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حافظ ساجد انور اور مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر العظیم نے کہا کہ نبی رحمتؐ نے ابتدائی برسوں پر اپنے آپ کو کارنبوت سرانجام دینے کے لیے تیار کیا اس کے بعد آٹھ نو برس حضورؐ نے پورے نظام پر تنقید کی، وہ نظام مراسم عبودیت، معاشرت، سیاست، معیشت، عدالت کا تھا۔

(جاری ہے)

حضور کو مخالفت، مزاحمت اور مخاصمت برداشت کرنا پڑی ، مکہ میں بائیکاٹ کا مرحلہ آیا ، ہجرت حبشہ ہوئی پھر ہجرت مدینہ کی منزل آئی اور اس کے بعد قرآن کا نظام قائم کیا گیا۔

اسی دوران دس برس تک قرآن کی حفاظت اور پھیلائو کا انتظام کیا گیا، معرکے برپاہوئے۔ آج ہمیں ضرورت ہے کہ قرآن کی حقیقت کی طرف رجوع کیا جائے اور اسے ہر طریقہ زندگی پر نافذ کر دیا جائے۔ ہمیں مل کر اقامت دین والا کام کرنا چاہیے، یہ سوچ کر کہ اس مرحلہ میں کچھ لوگ الرجک ہو جائیں گے، کشمکش برپا ہوگی،تاہم ہمیں یہ جان لینا چاہیے کہ یہ سب سے بڑا مقصد ہے۔