کراچی ،جماعت اسلامی سندھ کے تحت یوم بدر منایا گیا

معرکہ بدر پیغام دیتا ہے کہ حق کے غلبہ کے لیے مال ودولت سمیت مادی وسائل کوئی اہمیت نہیں رکھتے،اسداللہ بھٹو

جمعرات 28 مارچ 2024 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) جماعت اسلامی سندھ کے تحت 17 رمضان المبارک کو یومِ بدر جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ صوبائی اعلامیہ کے مطابق حق و باطل کے پہلے معرکے یومِ بدر کے حوالے سے کراچی تا کشمور سندھ بھر میں اجتماعات جلسے منعقد کئے گئے۔جن سے جماعت اسلامی کے مرکزی صوبائی ومقامی رہنما اورعلمائے کرام نے اپنے خطاب میں کہاکہ مقام بدر میں تاریخ اسلام کا وہ عظیم الشان یادگار دن ہے جب17 رمضان المبارک کے روز اسلام اور کفر کے درمیان پہلی فیصلہ کن جنگ لڑی گئی جس میں کفار قریش کے طاقت کا گھمنڈ خاک میں ملنے کے ساتھ مٹھی بھر مسلمانوں کو وہ ابدی طاقت اور رشکِ زمانہ غلبہ نصیب ہوا جس پر آج تک مسلمان فخر کا اظہار کرتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ کی خاص فتح ونصرت سے 313 مسلمانوں نے اپنے سے تین گنا بڑے لاؤ و لشکر کو اس کی تمام تر مادی اور معنوی طاقت کے ساتھ خاک چاٹنے پر مجبور کر دیا۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی سندھ کے امیرمحمد حسین محنتی نے کراچی میں یوم بدرکے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ غزوہ بدر مسلمانوں کو یہ درس دیتا ہے کہ ظاہری وسائل و ذرائع کی کمی کے باوجود اگر مسلمان اللہ تعالیٰ پر کامل توکل رکھتے ہوں تو وہ انہیں بے یارومددگار نہیں چھوڑتا۔

حق کے غلبہ کے لیے اللہ پرتوکل جزبہ جہاد اورشوق شہادت کے آگے مال ودولت سمیت مادی وسائل کوئی اہمیت نہیں رکھتے۔انہوں نے کہاکہ غزوہ بدر کو دیگر غزوات پر کئی اعتبار سے فوقیت حاصل ہے۔ اسے کفر و اسلام کا پہلا معرکہ ہونے کا شرف حاصل ہے۔ خود حضور اکرمﷺنے غزوہ بدر کو ایک فیصلہ کن معرکہ قرار دیا اور قرآن مجید نے اسے یوم الفرقان سے تعبیر کر کے اس کی اہمیت پر مہرثبت کر دی۔

جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیرممتازحسین سہتو نے ریاض چوک ٹھل میں یوم بدرکے اجتماع سے خطاب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یوم بدراسلامی تاریخ کا اہم دن ہے۔جس دن طاغوتی قوتوں کو شکست ہوئی اوراسلامی ریاست کے دفاع میں لڑنے والے مجاہدین نے ایسا کردار پیش کیاجوقیامت تک حق کے علمبرادروںکے لیے مشعل راہ ہے ،آج پھر امت مسلمہ کے اہم مرکزسرزمین انبیاء فلسطین پرسامراجی قوتیں حملہ آور ہے۔

ان کے مظالم نے تاریخ کے سارے رکارڈ توڑدیئے ہیں اس کے باوجودمجاہدین فلسطین ان کو منہ توڑ جواب دیا ہے اورپوری امت مسلمہ ان کی پشت پرکھڑی ہے لیکن افسوس کے نام نہاد مسلم حکمران اورافواج عالم اسلام۔آج یوم بدرکادن ہمیں پیغام دے رہا ہے کہ وارثان بدر اٹھیں اوران طاغوتی قوتوں کو ایک بارپھر شکست دیکرانسانیت کا سراونچاکریں۔جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیرحافظ نصراللہ چنا نے کورنگی کراچی میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ غزوہ بدر کو چودہ سو سال گذر چکے ہیں لیکن اس کی یاد آج کے گئے گذرے مسلمانوں کے ایمان کو بھی تازہ کر دیتی ہے، صدیوں بعد آج بھی مقام بدر کفار مکہ کی شکست فاش اور مسلمانوں کی فتح و کامرانی کی گواہی دیتا ہے۔

موجودہ دور میں مسلمانوں زوال پزیری اور کفار کے غالب آنے کی وجہ بھی یہی ہے کہ آج مسلمانوں کے تمام وسائل موجود ہونے کے باوجود بھی وہ بدر و احد کے جذبے سے آری ہیں۔