pپنجاب بھر میں ٹریفک حادثات میں 536 افراد شدید زخمی ہو گئے

جمعرات 28 مارچ 2024 22:30

ع*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2024ء) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1156 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں 536افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔697 معمولی زخمی لوگوں کو ریسکیومیڈیکل ٹیموں کے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی وجہ سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔

ان حادثات میں زیادہ تر تعداد (77فیصد) موٹر سائیکلز حادثات کی ہے اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرتے ہوئے لائن اور لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھیں۔ ایمرجنسی ا عداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات میں 651 ڈرائیوز، 71 کم عمرڈرائیور، 406 مسافراور179پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔

(جاری ہے)

اعدادو شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ264ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹر ول روم میں موصول ہوئیں جس میں صوبائی دارالحکومت 294 متاثرین کے ساتھ پہلے فیصل آباد 88 حادثات میں 93 متاثرین کے ساتھ دوسر ے، ملتان 75 حادثات میں 78متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل 1236متاثرین میں 980 مرد اور 256خواتین شامل ہیں جبکہ زخمی ہونیوالوں میں222 افراد کی اوسط عمر18سال سے کم 658افراد کی اوسط عمر 18سے 40سال کے درمیان جبکہ 356 زخمی افراد کی اوسط عمر 40سال سے زائد ہے۔ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں 1027 موٹر سائیکلز، 59 آٹورکشے، 106 کاریں، 22 وین 08 مسافر بسیں، 20 ٹرک اور 94 دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں۔