جیمز اور جیولری میں سرمایہ کاری کیلئے غیر ملکی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی،آصف علی زرداری

عالمی جواہرات اور زیورات کی مارکیٹ میں داخل ہونے کیلئے پاکستان کی قیمتی پتھروں کی مصنوعات کی بہتر مارکیٹنگ اور تشہیر کی ضرورت ہے،ایوان صدر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 29 مارچ 2024 10:55

جیمز اور جیولری میں سرمایہ کاری کیلئے غیر ملکی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29 مارچ2024 ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جیمز اور جیولری میں سرمایہ کاری کیلئے غیر ملکی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی، عالمی جواہرات اور زیورات کی مارکیٹ میں داخل ہونے کیلئے پاکستان کی قیمتی پتھروں کی مصنوعات کی بہتر مارکیٹنگ اور تشہیر کی ضرورت ہے۔جیمز اینڈ جیولری سیکٹر کی ترقی کے حوالے سے ایوان صدر میں اجلاس منعقد ہوا۔

جس میں پاکستان جیمز اینڈ جیولری ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد عالمگیر چوہدری اور سینئر سرکاری افسران نے شرکت کی۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمد سے پاکستان کو قیمتی زرمبادلہ کمانے میں مدد مل سکتی ہے۔ مقامی افرادی قوت کی تربیت اور ہنر مندی میں اضافے پر توجہ دینا ہوگی۔

(جاری ہے)

پی جی جے ڈی سی کے سی ای او نے اجلاس کو جیمز اینڈ جیولری سیکٹر کی ترقی کیلئے سٹرٹیجک پلان کے بارے میں آگاہ کیا اور اس سلسلہ میں مختلف چیلنجز اور مواقع کو اجاگر کیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری کا مزید کہنا تھا کہ اس شعبے میں مقامی آبادی کی ہنرمندی پر خصوصی توجہ دی جائے اس سے مقامی آبادی کیلئے روزگار کے مواقع کھولنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے جواہرات اور جیولری کے شعبے میں تنوع لانے اور صنعتوں کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔دریں اثناءصدر مملکت آصف علی زرداری سے برطانوی ہائی کمشنر نے ایوان صدر میںملاقات کی۔

صدر مملکت نے ملاقات میں برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم اور پرنسز آف ویلز کیتھرین مڈلٹن کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ جین میریٹ نے صدر آصف علی زرداری کو عہدہ صدارت سنبھالنے پر مبارکباد دی۔دونوں رہنماﺅں کے درمیان ملاقات میںدوطرفہ اہمیت کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین تجارتی اور اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک،برطانیہ تعلقات کو اعلیٰ سطحی رابطوں اور عوامی تعلقات سے تقویت ملی ہے۔