انتظار ختم!’’ہیرا منڈی‘‘ یکم مئی کو ریلیز کیلئے پیش ہو گی

جمعہ 29 مارچ 2024 11:05

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) بالی ووڈ کے نامور فلمساز سنجے لیلا بھنسالی نے مداحوں کا انتظار ختم کرتے ہوئے اپنی ویب سیریز ’’ہیرا منڈی: دی ڈائمنڈ بازار‘‘ کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق سنجے لیلا بھنسالی نے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا جس میں ان کی نئی آنے والی ویب سیریز ’’ہیرامنڈی‘‘کی پوری ٹیم اور کاسٹ نے شرکت کی۔

اس شاندار تقریب میں ڈرون لائٹ شو کا اہتمام کیا گیا، ان لائٹس کے ذریعے بتایا گیا کہ ویب سیریز ’’ہیرامنڈی‘‘ رواں سال یکم مئی کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر ریلیز ہو گی۔تقریب میں سوناکشی سنہا، منیشا کوئرالہ، ریچا چڈھا، سنجیدا شیخ اور شرمین سیگل موجود تھیں لیکن ادیتی راؤ حیدری نے اداکار سدھارتھ سے اپنی شادی کی وجہ سے اس تقریب میں شرکت نہیں کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سنجے لیلا بھنسالی نے کہا کہ میں "ہیرامنڈی: دی ڈائمنڈ بازار" کی دنیا کو نیٹ فلکس پر لانے کے لیے پوری کاسٹ اور ٹیم کا شکر گزار ہوں۔سنجے لیلا بھنسالی نے کہا کہ ہم یکم مئی کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ دنیا بھر کے شائقین بھی ’’ہیرامنڈی‘‘ کی ریلیز کے لیے پرجوش ہیں۔دوسری جانب نیٹ فلکس انڈیا اور بھنسالی پروڈکشن نے انسٹاگرام پر تقریب کی ویڈیو پوسٹ کی اور اس مشترکہ پوسٹ میں کہا کہ وہ لمحہ آگیا ہے جس کا آپ انتظار کر رہے تھے۔پوسٹ میں کہا گیا کہ سنجے لیلا بھنسالی کی پہلی مہاکاوی، شاندار سیریز’’ہیرامنڈی: دی ڈائمنڈ بازار‘‘یکم مئی کو صرف نیٹ فلکس پر ریلیز ہو گی۔

متعلقہ عنوان :