سعودی عرب نے دو سال میں 1450 الیکٹرک کاریں درآمد کیں

جمعہ 29 مارچ 2024 12:30

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) سعودی عرب کے محکمہ زکو، ٹیکس اور کسٹمزنے کہا ہے کہ سعودی عرب کی الیکٹرک کاروں کی کل درآمدات گذشتہ دو سال 2022-2023 کے دوران 1,450 الیکٹرک گاڑیوں تک پہنچ گئیں۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی عرب میں الیکٹرک گاڑیوں کی درآمد کا سلسلہ ایک ایسے وقت میں شروع ہوا ہے جب مملک کاربن کے صفر کے اخراج کے ساتھ ماحول دوست نقل و حمل کے نظام کو فروغ دینے کے پروگرام کے تحت الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کی طرف ایک قابل ذکر اسٹریٹجک نقطہ نظر کے ساتھ دیکھ رہی ہے۔

(جاری ہے)

الیکٹرک گاڑیوں میں دلچسپی کی رفتار کو دوگنا کرنے کی خواہش سے متاثر ہو کرسعودی عرب نے ان کاروں کے تصور کو بڑھانے اور اپنے صارفین کو الیکٹرک گاڑیوں کی طرف متوجہ کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔ سعودی عرب نے سیر کے نام سے ایک الیکٹرک کار کمپنی قائم کی ہے جو پبلک انویسٹمنٹ فنڈ سے منسلک ہے، جس سے قومی معیشت کو سہارا دینے کے لیے 562 ملین ریال کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی توقع ہے۔جی ڈی پی میں اس کا براہ راست حصہ 30 ارب ریال تک پہنچ جائے گا اور یہ 2034 تک 30,000 ملازمتیں فراہم کرے گا۔