گلگت بلتستان میں بارش ، پہاڑی علاقوں میں دو فٹ تک برف باری

جمعہ 29 مارچ 2024 14:00

استور ،29 مارچ (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں تیز بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی ۔ گزشتہ رات تین بجے سے ضلع استور کے بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں تیز بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ اس وقت ضلع استور کے بالائی علاقے دیوسائی ،چلم ،قمری ،منی مرگ،،برزل ٹاپ ،میر ملک ،روپل اور کالا پانی میں تازہ برف ایک سے دو فٹ تک پڑ چکی ہے جبکہ استور ضلعی ہیڈ کوارٹرمیں تیز بارش جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق بارشوں کا یہ سپل یکم اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ استور کی ضلعی انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ بارش اور برف باری کے دوران سڑکوں پر پتھر گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کا اندیشہ ہے ۔

(جاری ہے)

اس دوران استور ویلی سڑک اور ضلع کی دوسری رابطہ سڑکوں پر غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے اور اگر ان ایام میں آپ کسی خطرے والی جگہ پر رہائش پذیر ہیں تو فوری طور پر عارضی مدت کے لیے محفوظ مقام پر منتقل ہوجائیں تاکہ آپ کی قیمتی جان کو کوئی خطرہ لاحق نہ ہو۔

سفر انتہائی ناگزیر ہو تو پہلے پولیس کنٹرول روم پر رابط کرکے معلومات حاصل کریں ۔ضلعی انتظامیہ نے مزید کہا ہے کہ اگر ان ایام میں شدید موسمی حالات کے باعث آپ کسی مشکل میں ہوں تو فوری ڈپٹی کمشنر آ فس اور پولیس کنٹرول روم سےرابطہ کریں تاکہ ضلعی انتظامیہ آپ کی مدد کے لئے پہنچ سکے ۔اس وقت شاہراہِ استور شاہراہِ گلگت اور شاہراہِ قراقرم ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بحال ہے۔ ڈپٹی کمشنر استور نے اس موسمی حالات میں محکمہ پولیس،محکمہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اور ضلعی انتظامیہ کے عملے کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات بھی دی ہیں ۔