گوجرانوالہ،چچا اور چچی کا ڈنڈوں سے تشدد، 7 سالہ بچہ جاں بحق

بچوں کے والدین منشیات کے الزام میں جیل میں ہیں، پولیس

جمعہ 29 مارچ 2024 16:52

گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) چچا اور چچی کے مبینہ تشدد سے 7 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔پولیس کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے گوندلانوالہ میں چچا اورچچی نے مبینہ طور پر کم عمربھتیجوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے 7 سالہ بچہ سلطان جاں بحق ہوگیا اور 2 سالہ ثقلین زخمی ہوا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق بچوں کے والدین منشیات کے الزام میں جیل میں ہیں، گزشتہ روز بچوں کو مبینہ طورپرڈنڈوں سے مارا پیٹا گیا تو 7 سال کے سلطان کی حالت بگڑ گئی، زخمی بچے کو چچا ہسپتال لے گیا اور بتایا کہ بچہ ٹریفک حادثے میں زخمی ہوا۔

پولیس کے مطابق بچے کے جسم پر زخموں کی نوعیت دیکھ کر ڈاکٹرز نے پولیس کو بلا لیا ،اس دوران بچہ ہسپتال میں ہی دم توڑ گیا۔پولیس کے مطابق واقعہ کا مقدمہ درج کرکے ملزمان میاں بیوی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔