رائزک 40 ایم جی انجکشن جعلی سالٹ سے تیار کیا گیا ہے،ڈریپ کاالرٹ جاری

کراچی میں امراض معدہ (بدہضمی، تیزابیت ) کی معروف جعلی دواکی فروخت کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد ڈریپ نے پراڈکٹ ریکال الرٹ جاری کیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 29 مارچ 2024 16:06

کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29 مارچ2024 ء) فیڈرل ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے رائزک 40 ایم جی انجکشن بارے الرٹ جاری کر دیا،حکام کا کہنا ہے کہ رائزک 40 ایم جی انجکشن جعلی سالٹ سے تیار کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں امراض معدہ (بدہضمی، تیزابیت ) کی معروف جعلی دواکی فروخت کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد ڈریپ نے پراڈکٹ ریکال الرٹ جاری کردیا۔

فیڈرل ڈرگ انسپکٹر کراچی نے رائزک 40 ایم جی کے 2 سیمپلز سینٹرل ٹیسٹنگ لیب بھجوائے تھے۔ سینٹرل ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری نے دوا کے سیمپلز جعلی قرار دے دیئے۔ڈریپ کی جانب سے جاری الرٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کیمسٹ، فارمیسیز جعلی رائزک انجکشن کی فروخت روکیں، فارمیسیز جعلی رائزک انجکشن کے اسٹاک پر ڈرگ ڈیپارٹمنٹ کو آگاہ کریں۔

(جاری ہے)

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے جعلی دوا کا پراڈکٹ ریکال الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ السر، تیزابیت، بدہضمی کی دوا کا ایک بیج 059 پی اے 5 جعلی ہے۔

ڈریپ نے جاری کردہ الرٹ میں کہا کہ رائزک 40 ایم جی انجکشن جعلی سالٹ سے تیار کیا گیا ہے، اس جعلی دوا کے پیکٹ پر معروف فارما کمپنی کی تفصیلات درج ہیں جبکہ ملٹی نیشنل گیٹس فارما اس انجکشن کے بیج کی تیاری اور سپلائی سے انکاری ہے۔ڈریپ الرٹ میں کہا گیا کہ جعلی ادویات میں نقصان دہ مضر زرات شامل ہوسکتے ہیں، اس لیے فیلڈ فورس میڈیسن مارکیٹ میں سرویلنس میں اضافہ کریں اور مارکیٹ میں دستیاب جعلی دوائیں ضبط کریں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ محکمہ صحت پنجاب نے ایم ایس ایورسٹ فارما سوٹیکل کمپنی اسلام آبادکی بارہ مختلف ادویات پر پابندی لگا دی ہے اورہدایت کی تھی کہ ڈسٹری بیوٹرز،ہول سیلر اور میڈیکل سٹورز کمپنی کا کوئی سٹاک فروخت نہ کریں۔ کمپنی کی کسی بھی جگہ پر ادویات موجود پائی گئیں تو علاقہ کے متعلقہ ڈرگ انسپکٹر کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے گی لاہور میں فروخت ہونے والی دوائیوں پر ڈریپ نے پابندی لگادی تھی ۔کمپنی جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات کی فراہمی میں ملوث پائی گئی ہے۔اس حوالے سے مراسلہ پنجاب بھر کے تمام ڈرگ انسپکٹرز اور ڈریپ اسلام آباد اور تمام ڈسٹری بیوٹرز کو بھجوایا گیاتھا۔