جاپان میں انگریزی زبان سکھانے کیلئے 32 پاکستانی اساتذہ کا انتخاب کرلیاگیا

بہترین تنخواہ اور مراعات کے ساتھ تمام اساتذہ جاپان پہنچ گئے، رپورٹ جاری

جمعہ 29 مارچ 2024 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) پاک جاپان تاریخ میں پہلی بار جاپان نے پاکستان سے انگریزی سکھانے کے لیے 32 اساتذہ منتخب کرلیے، بہترین تنخواہ اور مراعات کے ساتھ تمام اساتذہ جاپان پہنچ گئے اس حوالے سے سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ نے کہا ہے کہ جاپان میں انگریزی زبان سکھانے کے لیے پاکستانی اساتذہ کا انتخاب پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جاپان ہمیشہ سے انگریزی زبان سکھانے کیلئے انگریزی زبان بولنے والے ممالک کے شہریوں کو ہی ملازمت فراہم کرتا رہا ہے، تاہم سفارتخانہ پاکستان اور سفیر پاکستان کی ذاتی کوششوں سے جاپان کی معروف کمپنی نے پہلی دفعہ پاکستان سے 32 معاون انگلش ٹیچرز کو ملازمت فراہم کی ہے۔اس حوالے سے گزشتہ دنوں سفارتخانہ پاکستان نے وطن عزیز سے آنے والے انگریزی زبان کے اساتذہ کو سفارتخانہ پاکستان آنے کی دعوت دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اپنے خطاب میں سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ نے کہا کہ آپ تمام اساتذہ پاکستان کے لیے امید کی کرن ہیں، اگر آپ سب نے محنت اور دلجمعی سے جاپان میں خدمات انجام دیں تو مستقبل قریب میں بہت بڑی تعداد میں پاکستانی اساتذہ جاپان آسکیں گے۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ آپ سب کو نہ صرف اپنے لیے بلکہ اپنے ملک اور اپنی قوم کیلیے جاپان میں بہترین خدمات انجام دینا ہے تاکہ پاکستان کا جاپان میں ایک مثبت اور تعلیم یافتہ چہرہ متعارف ہوسکے۔