نیشنل پولیس اکیڈمی کے مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس شرکاء وفد کا سیف سٹی کا دورہ ،سی پی او سیف سٹی سے ملاقات

جمعہ 29 مارچ 2024 20:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) نیشنل پولیس اکیڈمی کے مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء کے وفد نے سیف سٹی اسلام آباد کا دورہ کیا،وفد نے سی پی او سیف سٹی سے ملاقات کی اور اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے جدید تکنیکی نظام اور اس کی افادیت کو سراہا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر اکبر ناصر خاں کے خصو صی احکامات پر ڈپٹی ڈائریکٹرٹیکنیکل نے نیشنل پولیس اکیڈمی کے مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء کے وفد کو سیف سٹی اسلام آباد کا دورہ کروایا، وفد کو سیف سٹی اسلام آباد کے مرکزی نظام، کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر، ڈیٹا ہب یونٹ، جدید تکنیک کے حامل کیمروں اور پولیس آپریشنز سنٹر ہال کا دورہ کروایا گیا اور ان کے طریقہ کار اور افادیت کے بارے میں بھی مکمل آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وفد کو بتایا گیا کہ سیف سٹی اسلام آباد جدید تکنیکی منصوبے کے ذریعے مختلف شعبہ جات میں اہم کردار ادا کر رہا ہے جس میں پولیس آپریشنز سنٹر، ایمرجنسی کنٹرول سنٹر، ڈیٹا ہب یونٹ، ڈسپیچ کنٹرول سنٹر، ای چالان نظام اور پکار15 ہیلپ لائن جیسے اقدام شامل ہیں۔وفد کو شہر میں سیف سٹی کیمروں کی کارکردگی اور افادیت کے بارے میں بتایا گیا کہ سیف سٹی کے جدید تکنیک کے حامل کیمرے شہر کی حفاظت، جرائم کے سدِباب اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جرائم کا 42 فیصد سیف سٹی کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر سے حل کیا جاتا ہے، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چہروں کی شناخت کرنے والے کیمرے لگائے گئے ہیں جو مشکوک عناصر کی نشاندہی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

وفد نے سی پی او سیف سٹی/ٹریفک سے ملاقات بھی کی اور اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے جدید تکنیکی نظام اور اس کی افادیت کو سراہا ،وفد نے اس کامیاب دورے پر آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبر ناصر خاںاور ان کی ٹیم کا خصوصی طور پر شکریہ بھی ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :