ڈاکٹر گوہر اعجاز ایف پی سی سی آئی کے نئے تھنک ٹینک پاکستان اکنامک ری وائیول اینڈ گروتھ کے سربراہ مقرر

تھنک ٹینک میں ملک کے تمام بڑے شعبوں اور صنعتی علاقوں کی نمائندگی ان کے بہترین دماغوں کے ذریعے کی جائے گی،صدر ایف پی سی سی آئی

جمعہ 29 مارچ 2024 20:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے ملک کے اعلی معاشی ماہرین، گورننس ایکسپرٹس، صنعت کاروں، انٹرپرینیورز، سرمایہ کاروں اور برآمد کنندگان پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی تھنک ٹینک تشکیل دیا ہے،اس باڈی کی سربراہی ڈاکٹر گوہر اعجاز، سابق نگراں وفاقی وزیر برائے خزانہ، محصولات اور سرمایہ کاری کریں گے اور اس کا نام ایف پی سی سی آئی تھنک ٹینک برائے پاکستان اکنامک ری وائیول اینڈ گروتھ ہو گا۔

عاطف اکرام شیخ نے کہاکہ پاکستان کی پوری کاروباری، صنعتی اور تاجر برادری پاکستان کی معاشی بحالی کے لیے متحد ہے اور اعلیٰ اترین دارہ ہونے کے ناطے، ایف پی سی سی آئی نے پاکستان کے روشن ترین ذہنوں کے اس گروپ کو اکٹھا کیا ہے۔

(جاری ہے)

تجربہ کار صنعت کار، بشیر جان محمد،کیپیٹل مارکیٹس ایکسپرٹ، عارف حبیب،سیریل انٹر پرینیور، محمد علی ٹبہ، ایف پی سی سی آئی کے سابق صدور میاں محمد ادریس اور غضنفر بلور،ٹاپ ایکسپورٹر، ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ،سی ای او ٹی ڈی اے پی، زبیر موتی والا؛ چیئرمین اپٹما آصف انعام اور سابق صدر لاہور چیمبر شہزاد علی ملک ممبران میں شامل ہیں۔

شاہد عبداللہ، فواد مختار، مقصود اسماعیل، فاروق نسیم اور شہزاد اصغر علی جیسے بڑے نام بھی تھنک ٹینک کا حصہ ہوں گے۔ گہرائی و باریک بینی سے تجزیہ اور باخبر اقتصادی تجاویز تھنک ٹینک کی بنیادی اقدار ہوں گی۔تھنک ٹینک کے مقاصد معاشی چیلنجز اور مواقع پر تحقیق کرنا؛ پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے شواہد پر مبنی پالیسی کی سفارشات مرتب کرنا اور پالیسی میکرز، صنعت کاروں، اکیڈمیا اور سول سوسائٹی کے چار جہتی اتحاد کے درمیان بات چیت میں سہولت فراہم کرنا ہے۔

عاطف اکرام شیخ نے آگاہ کیا کہ تھنک ٹینک میں ملک کے تمام بڑے شعبوں اور صنعتی علاقوں کی نمائندگی ان کے بہترین دماغوں کے ذریعے کی جائے گی۔ وفاقی بجٹ 2024-25 اور چارٹر آف اکانومی پر حکومت کے ساتھ نتیجہ خیز مشاورتی عمل شروع کرنے کے لیے ایف پی سی سی سی پوری طرح تیار ہے۔