اسلام آباد ،سگی پھوپھو کا قیمتی پلاٹ دھوکہ دہی سے فروخت کرنے کے گرفتار ملزم کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری خارج

جمعہ 29 مارچ 2024 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) سول جج محمد نوید خان نے سگی پھوپھو کا قیمتی پلاٹ دھوکہ دہی سے فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم فیضان شکور کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری خارج کر دی ۔ گزشتہ روز ضمانت کی درخواست پر سماعت کے موقع پر ملزم کے وکیل نے کہا کہ پاور آف اٹارنی فیصل آباد میں تیار ہوتی ہے اور فیضان کو اٹارنی بنایا گیا ، ملزم پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں ، اس عدالت کا دائرہ اختیار نہیں بنتا کہ یہ کیس سنے ، ملزم کے وکیل نے کہا کہ جو دو ناقابل ضمانت دفعات لگائی گئی ہیں ان کا ملزم پر اطلاق نہیں ہوتا ، مدعی مقدمہ کے وکیل نے کہا کہ ملزم ہر سٹیج پر عدالت کو چیٹ کرتا رہا ، اس سے قبل فیصل آباد میں بھی ایک دعویٰ دائر کیا گیا تھا ، ملزم نے جائیداد میں حصہ لینے کے لئے والدہ کو بھی بہن بنا کر ظاہر کیا ۔

(جاری ہے)

ملزم کے وکیل نے کہا کہ وراثت میں خواتین کو حصہ نہ دینے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے متعدد فیصلے موجود ہیں ۔ مدعی کے وکیل نے کہا کہ ملزم عدالت سے کسی بھی رعایت کا مستحق نہیں ہے ، نادرا کی رپورٹ کے مطابق اٹارنی پر موجود دستخط جعلی ہیں ۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ضمانت خارج کر دی ۔ ملزم پر جعلی پاور آف اٹارنی بنا کر سگی پھوپھو غزالہ نوید کا پلاٹ دھوکے سے فروخت کرنے کا الزام ہے ۔