معتکفین دعائوں میں یاد رکھیں،عافیہ کو جیل میں مشکل حالات کا سامناہے : ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

ہفتہ 30 مارچ 2024 17:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2024ء) گلوبل عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن اور ملک کی معروف نیوروفزیشن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے معتکفین سے اپیل کی ہے کہ اعتکاف کے دوران امت مسلمہ کی مظلوم بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی جلد رہائی، حفاظت اور عافیت کے ساتھ وطن واپسی کے لیے خصوصی طور پردعائیں کریں۔عافیہ موومنٹ میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں کروڑوں فرزندان توحید اعتکاف کی سعادت حاصل کریں گے۔

اعتکاف کی سعادت حاصل کرنے پر میں دل کی گہرائیوں سے انہیں مبارکباددیتی ہوں اور دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ ان کی عبادتوں کو قبول فرمائے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہی ڈاکٹر عافیہ کی قید ناحق کے 21 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ امت مسلمہ اس وقت مشکل دور سے گزر رہی ہے۔

(جاری ہے)

مسلمان کے لیے انصاف کا حصول ناممکن بنا دیا گیا ہے۔ڈاکٹر عافیہ ایف ایم سی کارسویل جیل میں مشکل حالات میں زندگی گزار رہی ہے۔

اسے جیل میں بدترین ذہنی، جسمانی اور جنسی بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میںخوب دعائیں کی جائے کہ اللہ عافیہ سمیت تمام بے گناہ قیدیوں کو رہائی نصیب فرمائے، فلسطین کے مظلوم بھائی بہنوں کی مدد و نصرت فرمائے، عالم اسلام اور پاکستان میں امن قائم فرمائے اوردشمنوں کی سازشوں سے محفوظ رکھے ۔