پنگریو، خودکشی کرنیوالے اے ایس آئی کی دوسری بیوی تین بچوں سمیت گرفتار

اتوار 31 مارچ 2024 15:20

پنگریو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مارچ2024ء) سات روز قبل راجوخانانی تھانے میں سرکاری رائفل سے فائر کرکے خودکشی کرنے والے اے ایس آئی کی دوسری بیوی پردفعہ322 کے تحت مقدمہ درج کرکے پولیس نے بیوہ کو تین بچوں سمیت گرفتار کرلیاہے۔تفصیلات کے مطابق سات روز قبل پولیس اسٹیشن راجوخانانی میں ڈیوٹی پر مامور اے ایس آئی غلام مصطفی چھلگری نے دوران ڈیوٹی سرکاری رائفل سے فائر کرکے خود کشی کرلی تھی۔

راجوخانانی پولیس نے مرحوم اے ایس آئی کے بھائی الطاف حسین چھلگری کی مدعیت میں مرحوم اے ایس آئی کی بیوہ دوسری بیوی صوبیہ پر دفعہ322کے تحت مقدمہ درج کر کے انہیں اپنے تین بچوں سمیت گرفتار کرلیا ہے۔صوبیہ نے راجوخانانی تھانے پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ غلام مصطفی چھلگری اور میں نے جس دن شادی کی ہے اس دن سے لیکر میرے شوہر مرحوم کی پہلی بیوی اور اس بھائیوں نے مجھے قبول کرنے سے انکارِ کردیا اور اسی دن سے وہ مجھے اور میرے شوہر کو دھمکیاں دینے کے ساتھ سخت پریشان کرتے تھے اور یہی پریشانی میرے شوہر کی خود کشی کا سبب بنی اب میرے اوپر جھوٹا مقدمہ درج کراکرمجھے میرے تین بچوں سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

متوفی اے ایس آئی کی بیوہ دوسری بیوی صوبیہ نے تمام انسانی حقوق کی تنظیموں آ ئی جی سندھ، ڈی آ ئی جی حیدرآباد، ایس ایس پی بدین اور سیشن جج بدین سے اپیل کی ہے کہ وہ میرے شوہر کی خود کشی اور مجھ پر جھوٹا مقدمہ اور گرفتاری کی ایماندار پولیس افسر سے تحقیقات کراکر مجھے اور میرے بچوں کے ساتھ انصاف کیا جائے۔