gپاکستان میں شدید بارشیں، آٹھ افراد ہلاک اور 12 زخمی

اتوار 31 مارچ 2024 18:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مارچ2024ء) مقامی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان انور شہزاد کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں متعدد گھر اس وقت منہدم ہوئے، جب لوگ ان کے اندر تھے۔شہزاد نے بتایا کہ مرنے والوں میں تین بہن بھائی بھی شامل ہیں، جن کی عمریں تین سال سے سات سال کے درمیان تھیں۔

پاکستان میں رواں سال موسم سرما کی بارشوں میں تاخیر ہوئی ہے۔ عمومی طور پر ان بارشوں کا آغاز نومبر کے مہینے میں ہوتا ہے لیکن اس مرتبہ ان کا آغاز فروری میں ہوا۔گوادر میں شدید بارشوں کے سبب ہزاروں افراد بے گھر ہوئے پاکستان میں ہر سال ہی مون سون اور سردیوں کی بارشیں شدید جانی و مالی نقصان کا باعث بنتی ہیں۔

(جاری ہے)

مارچ کے شروع میں شمال مغربی علاقوں میں بارش سے متعلقہ واقعات میں تقریباً 30 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

عالمی موسمیاتی تبدیلیاں جنوبی ایشیائی ملک پاکستان کو شدید متاثر کر رہی ہیں۔ اس ملک میں سن دو ہزار بائیس ا?نے والے تباہ کن سیلاب اور اس کے نتیجے میں بیماریوں کے پھیلنے سے تقریباً دو ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے اور ملک کا ایک تہائی حصہ زیر آب آ گیا۔ ان سیلابوں میں مجموعی طور پر 33 ملین افراد متاثر ہوئے تھے۔ پاکستان عالمی سطح پر کاربن کے ایک فیصد سے بھی کم اخراج کا ذمہ دار ہے لیکن اس کا شمار موسمیاتی خطرات سے دوچار چوٹی کے دس ممالک میں ہوتا ہے۔