-حضرت علیؓ کے اقوال و ارشادات نوع انسانی کیلئے مشعل راہ ہیں : مولانا عزیز الرحمن ثانی

پیر 1 اپریل 2024 17:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اپریل2024ء) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا عزیز الرحمن ثانی، سیکرٹری جنرل لاہور مولانا علیم الدین شاکر ، پیرمیاں محمد رضوان نفیس ، مبلغ ختم نبوت مولانا عبدالنعیم، مولانا محمد اشرف گجر ، مولانا عبدالعزیز، مولانا سید عبداللہ شاہ نے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت علی المرتضی ؓ کی محبت ہمارے ایمان کا جزولاینفک ہے اللہ تعالی نے آپ ؓ کو ان گنت فضائل وکمالات سے نوازا ہے ۔

آپ ؓ داماد رسول ،فاتح خیبر اور باب العلم ہیں ۔اللہ تعالی نے آپ ؓ کو عقل وخرد کی بے شمار صلاحیتوں سے نوازا تھا ۔جو مسائل دیگر صحابہ کرام ؓ کے نزدیک پیچیدہ اور لاینحل سمجھے جاتے تھے ۔ان مسائل کو آپ ؓ آسانی سے حل کر دیتے تھے ۔

(جاری ہے)

علماء کاکہنا تھا کہ حضرت علی المرتضی ؓ کا علمی مقام ومرتبہ ،ان کی قرآن فہمی ،حقیقت شناسی اور فقہی صلاحیت تمام اولین وآخرین میں ممتاز ومنفرد تھی ۔

قرآن ،تفسیر ،حدیث ،فقہ اورجملہ دینی علوم کا دریا تھے ۔ان کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ رسول اکرم ﷺ سے خاندانی اورنسبی تعلق، ایک عمر کی رفاقت اورروزہ مرہ کی زندگی کوقریب سے دیکھنے کی وجہ سے حضرت سیدنا علی المرتضی ؓ کو ذات نبوی کی خاص صفات وکمالات سے گہری مناسبت تھی۔حضرت علیؓ کی شخصیت اور افکار امت مسلمہ کیلئے مینارہ نور ہیں،آپ شہر علم کا دروازہ اور علوم و معارف کا مخزن ہیںآپؓ کا عہدِ خلافت عدلِ اجتماعی کی عملی تفسیر تھا، عروج کے لیے حضرت علی المرتضی کے افکار کی ترویج اور اشاعت ضرور ی ہے۔

انہوں نے کہاکہ حضرت علی کی ولادت باسعادت سے پرچم اسلام کو سربلندی حاصل ہوئی آپؓ کی تعلیمات مبارکہ آج بھی پوری امت کیلئے مشعل راہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ حضرت علیؓ کے اقوال و ارشادات نوع انسانی کیلئے مشعل راہ ہیں آپ کی اتباع نجات کا باعث ہے۔