خیبرپختونخواہ میں سینیٹ الیکشن ملتوی ، الیکشن کمیشن نے تحریری حکم نامہ جار ی کر دیا

الیکشن کمیشن نے آئین کے آرٹیکل 218 (3) اورالیکشن ایکٹ کے تحت اختیارات استعمال کرتے ہوئے انتخابات ملتوی کئے،چیف الیکشن کمشنرکی سربراہی 5 رکنی الیکشن کمیشن نے تحریری حکم نامہ جاری کیا

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 2 اپریل 2024 13:05

خیبرپختونخواہ میں سینیٹ الیکشن ملتوی ، الیکشن کمیشن نے تحریری حکم ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔02 اپریل2024 ء) خیبرپختونخواہ میں سینیٹ الیکشن ملتوی کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن نے تحریری حکم نامہ جار ی کر دیا،چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی 5 رکنی الیکشن کمیشن نے تحریری حکم نامہ جاری کیا، جس پر تمام اراکین کے دستخط بھی ہیں۔تحریری حکم نامہ کے مطابق نو منتخب ارکانِ خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلف تک انتخابات روک دئیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے آئین کے آرٹیکل 218 کی شق 3 اور الیکشن ایکٹ کے تحت امیدواروں سے حلف نہ لئے جانے پر خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ انتخابات ملتوی کردئیے ہیں۔تحریری فیصلے میں واضح کیا گیا ہے مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والے امیدواروں نے حلف کیلئے سپیکر صوبائی اسمبلی سے رابطہ کیا، اس کے باوجود اسپیکر صوبائی اسمبلی نے حلف سے متعلق انتظامات نہیں کئے ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں خیبرپختونخوا میں اپوزیشن اراکین کی درخواست پر سینیٹ الیکشن ملتوی کردئیے گئے۔اپوزیشن کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے کے پی میں 11 نشستوں پر الیکشن ملتوی کردئیے۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے اپوزیشن کی درخواست پرچیف الیکشن کمشنرسے رابطہ کیا تھا جس کے بعد صوبے میں سینیٹ کا الیکشن تاحکم ثانی ملتوی کردیا گیا۔خیبرپختونخواہ اسمبلی میں پی پی پی کے اپوزیشن رہنما احمد کریم کنڈی نے حلف نہ لئے جانے والے اراکین کے دستخطوں پر مشتمل درخواست صوبائی الیکشن کمشنر کے پاس جمع کرائی جس میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کی واضح ہدایات کے باوجود حلف نہیں لیا جا رہا لہذا سینیٹ الیکشن ملتوی کئے جائیں، پہلے ہم سے حلف لیا جائے اور پھر سینیٹ کے الیکشن کروائے جائیں۔

خیبرپختونخوا میں اپوزیشن اراکین نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا جس میں استدعا کی گئی مخصوص نشستوں پر ان کے 25 اراکین سے حلف لیا جائے۔خیال رہے کہ خیبر پختو نخوا کی 7 جنرل، 2 خواتین اور 2 ٹیکنو کریٹ کی نشست پر انتخاب ہونا تھا جو مخصوص نشست والے اراکین کا حلف نہ لئے جانے کی وجہ سے تنازع کا شکار ہے۔