پرتگال میں پراپرٹیز لینے والوں میں سول ملٹری بیوروکریسی کے نام زبان زدِ عام ہیں، فواد چوہدری

ان میں سیاستدان بھی ہیں، گریڈ 19 اور اوپر کے عہدیداروں سے حلف لینا چاہیئے کہ ان کی یا ان کے قریبی خاندان کی بیرون ملک کوئی جائیداد یا انٹرسٹ نہیں؛ سابق وفاقی وزیر کا خواجہ آصف کے انکشاف پر ردعمل

Sajid Ali ساجد علی بدھ 6 اگست 2025 11:05

پرتگال میں پراپرٹیز لینے والوں میں سول ملٹری بیوروکریسی کے نام زبان ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 اگست 2025ء) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے پرتگال میں بیوروکریسی کی پراپرٹیز سے متعلق وزیردفاع خواجہ آصف کے انکشاف کی تائید کردی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف نے بہت اہم بات کی ہے کیوں کہ اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں سول ملٹری بیوروکریسی کے نام زبان زدِ عام ہیں جنہوں نے پرتگال میں پراپرٹیز لیں، ان میں سیاستدان بھی ہیں۔

فواد چوہدری نے تجویز دی ہے کہ تمام گریڈ 19 اور اس سے اوپر کے عہدیداروں سے یہ حلف لیا جانا چاہیئے کہ ان کی یا ان کے قریبی خاندان کی بیرون ملک کوئی جائیداد یا انٹرسٹ نہیں ہے، غلط حلف نامہ ویسے ہی جرم ہے اور جن سیاستدانوں و بیوروکریسی کے نام پر باہر جائیداد ہے ان کو انتخابات لڑنے اور اہم عہدوں پر ہونے کا کوئی حق نہیں۔

(جاری ہے)

           
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنماء اور پاکستان کے وزیردفاع خواجہ آصف نے انکشاف کیا ہے کہ وطن عزیز کی آدھی سے زیادہ بیوروکریسی پرتگال میں پراپرٹی لے چکی ہے اور اب شہریت لینی کی تیاری کر رہی ہے، یہ سب نامی گرامی بیوروکریٹس ہیں، یہ مگرمچھ اربوں روپے کھا کے آرام سے ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہے ہیں، بزدار کا ایک قریب ترین بیوروکریٹ چار ارب بیٹیوں کی شادی پر صرف سلامی وصول کر چکا ہے اور آرام سے ریتٹائرمنٹ کی زندگی گذار رہا ہے، سیاستدان تو ان کا بچا کھچا کھا تے اور چولیں مارتے ہیں، نہ پلاٹ نہ غیر ملکی شہریت کیو ں کہ الیکشن لڑنا ہوتا ہے، پاک سر زمین کو یہ بیروکریسی پلیت کر رہی ہے۔