کرک میں ایف سی کی گاڑی پر دہشتگردوں کا حملہ، 4 اہلکار شہید

اہلکار ویگو گاڑی میں سفر کر رہے تھے کہ اس دوران پہاڑ کی چوٹی پر گھات لگائے مسلح افراد نے اچانک حملہ کردیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 6 اگست 2025 12:00

کرک میں ایف سی کی گاڑی پر دہشتگردوں کا حملہ، 4 اہلکار شہید
کرک ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 اگست 2025ء ) صوبہ خیبرپختونخواہ کے علاقہ کرک میں ایف سی کی گاڑی پر دہشتگردوں کے حملے میں 4 اہلکار شہید ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کرک کےعلاقہ امان کوٹ توے میں تھانہ گرگری کی حدود میں ایف سی اہلکار فیلڈ سکیورٹی کی ڈیوٹی پر مامورتھے کہ اس دوران پہاڑ کی چوٹی پر گھات لگائے مسلح دہشت گردوں نے اچانک حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 4 اہلکار شہید ہو گئے، شہید ہونے والوں میں لانس نائیک محمود شاہ، سپاہی شاہد، اور سپاہی رؤف شامل ہیں جو ایف سی کی 272 پلاٹون سے تعلق رکھتے تھے، حملے میں پرائیویٹ ڈرائیور شاہ پور بھی شہید ہوا، ان شہداء کا تعلق لکی مروت اور ٹانک سے بتایا جا رہا ہے۔

ڈی پی او کرک شہباز الٰہی نے بتایا کہ ایف سی اہلکار ویگو گاڑی میں سفر کر رہے تھے جب انہیں نشانہ بنایا گیا، واقعے کے بعد فوری طور پر سکیورٹی فورسز اور پولیس نےعلاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش کیلئے آپریشن شروع کردیا، حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں اور حملہ آوروں کو جلد ہی گرفتار کرلیا جائے گا۔

(جاری ہے)

چند روز قبل دہشت گردوں کی جانب سے بنوں میں پولیس چوکی فتح خیل پر حملہ کیا گیا جس کو بہادر پولیس اہلکاروں نے ناکام بنایا، پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، دہشت گردوں کے حملے میں ایک اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوئے، حملے کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، پولیس اہلکار نیاز نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، دہشت گردوں سے مقابلے میں اہلکار سوداد، مفتی محمود زخمی ہوئے، حملے کے بعد آر پی او اور ڈی پی او کی قیادت میں علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے پولیس اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا اور لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت بھی کیا، انہوں نے کہا کہ زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہوں، حملہ آور 2 بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، شہید پولیس اہلکار روح نیاز کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔