راولپنڈی میں گھر کی چھت پر لگے سولر پینلز کو اچانک آگ لگ گئی

ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ سولر پلیٹوں کا سستا اور غیر معیاری ہونا قرار دیا جارہا ہے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 6 اگست 2025 11:47

راولپنڈی میں گھر کی چھت پر لگے سولر پینلز کو اچانک آگ لگ گئی
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 اگست 2025ء ) صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں گھر کی چھت پر لگے سولر پینلز کو اچانک آگ لگ گئی۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ راولپنڈی کے علاقہ بکرا منڈی کمال آباد سٹریٹ 26 میں پیش آیا جہاں واقع گھر کی چھت پر نصب سولر پلیٹوں کو اچانک آگ لگ گئی جس سے لاکھوں روپے کا نقصان ہوگیا، ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ سولر پلیٹوں کا سستا اور غیر معیاری ہونا قرار دیا جا رہا ہے، اس واقعے کی سوشل میڈیا پر ویڈیو بھی وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گھر کی چھت پر لگے سولر پینلز آگ کی پلیٹ میں آئے ہوئے ہیں اور اس کی وجہ سے چھت سے دھواں اٹھتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ حالیہ بارشوں کے دوران پنجاب میں سولر پینلز کی تنصیب کے لیے قواعد و ضوابط جاری کیے گئے ہیں، انرجی ڈیپارٹمنٹ کی ہدایات کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے مراسلہ جاری کیا، جس کے ذریعے پنجاب بھر کے کمشنرز وڈپٹی کمشنرز کو سولرپینلز کی تنصیب کے بارے میں گائیڈ لائنز دیدی گئیں۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کا کہنا تھا کہ سسٹم کی تنصیب الٹرنیٹو انرجی ڈویلپمنٹ بورڈ کے منظور شدہ ماہرین سے کرائیں، ضلعی انتظامیہ عمارت مالکان، سولروینڈرز اور انسٹالرز کو ایس او پیزفراہم کرے، حساس عمارتوں، سکولز، ہسپتال، دفاتر میں سولرسسٹمز کا فوری جائزہ لیا جائے، میونسپل کارپوریشنزاور بلڈنگ اتھارٹیز گائیڈ لائنز پرسختی سے عملدرآمد کریں۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ سولرپینلز کو محفوظ، مضبوط اور سیل بند انداز میں نصب کریں، نکاسی آب کے راستے بند نہ ہوں، چھت کی صفائی یقینی بنائیں، ژالہ باری سے بچاؤ کیلئے ہائی امپیکٹ ریٹنگ والے پینلز منتخب کریں، انورٹر اور چارج کنٹرولر پر سرج پروٹیکشن ڈیوائسز نصب کریں، غیر معیاری سولر پینلز حادثات کا باعث بنتے ہیں، ہدایات پر عمل کرکے جانی و مالی نقصانات سے بچا جا سکتا ہے۔