Live Updates

زہر دینے کا الزام، عمران خان نے بشریٰ بی بی کا میڈیکل کرانے کی استدعا کردی

بشریٰ بی بی کو بنی گالہ میں زہر دیا گیا ہے، اُن کی جلد اور زبان پر نشانات ہیں، بشریٰ بی بی کا مکمل میڈیکل چیک اپ کرنے کا حکم دیا جائے۔ سابق وزیراعظم کا احتساب عدالت کے جج سے مکالمہ

Sajid Ali ساجد علی منگل 2 اپریل 2024 14:31

زہر دینے کا الزام، عمران خان نے بشریٰ بی بی کا میڈیکل کرانے کی استدعا ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اپریل 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے احتساب عدالت کے جج سے بنی گالہ میں زہر دیے جانے کے الزام پر بشریٰ بی بی کا میڈیکل چیک اپ کرانے کی استدعا کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ نیب ریفرنس کی سماعت کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں بشریٰ بی بی نے الزام عائد کیا کہ شب معراج کے روز میرے کھانے میں ہارپک کے قطرے ملائے گئے، تحقیق سے پتا چلا کہ ہارپک سے ایک ماہ بعد طبیعت زیادہ خراب ہوتی ہے، اب مجھے آنکھوں میں سوجن ہو جاتی ہے، سینے اور معدے میں تکلیف ہوتی ہے کھانا اور پانی بھی کڑوا لگتا ہے، مجھے جیل میں بھی کسی نے بتایا تھا کہ کھانے میں ہارپک ڈالا گیا اس کا نام نہیں بتاؤں گی۔

بتایا گیا ہے کہ سماعت کے آغاز پر عمران خان نے احتساب عدالت کے جج سے بنی گالہ میں زہر دیے جانے کے الزام پر بشریٰ بی بی کا میڈیکل چیک اپ کرانے کی استدعا کی، احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا سے مکالمہ کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’بشریٰ بی بی کو بنی گالہ میں زہر دیا گیا ہے، اُن کی جلد اور زبان پر نشانات ہیں، بشریٰ بی بی کا مکمل میڈیکل چیک اپ کرنے کا حکم دیا جائے‘۔

(جاری ہے)

عمران خان نے مزید کہا کہ ’مجھے پتا ہے اس کے پیچھے کون ہے، آئی ایس آئی کے لوگ بنی گالہ سے اڈیالہ جیل تک سب چیزیں کنٹرول کر رہے ہیں، بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ شوکت خانم کے ڈاکٹر عاصم یونس سے کروانے کا حکم دیا جائے، بشریٰ بی بی کا معائنہ ایک جونیئر ڈاکٹر سے کروایا گیا جس پر ہمیں اعتبار نہیں ہے، بشریٰ بی بی کو زہر دیئے جانے کے معاملے پر انکوائری بھی کروائی جائے‘، اس پر جج ناصر جاوید رانا نے عمران خان کو بشری بی بی کے طبی معائنے کیلئے تفصیلی درخواست دینے کی ہدایت کر دی۔
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات