سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر اظہار تشویش

منگل 2 اپریل 2024 19:17

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2024ء) سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرِ ایوان بلال وقار خان و دیگر سینئر اراکینِ نے پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے 66 پیسے کے اضافے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے تمام طبقات زندگی کے افراد متاثر ہونگے اور جو عوام ماہ رمضان مبارک میں مہنگی ضروریات زندگی کی تمام اشیائ خریدنے پر مجبور ہیں ان کی دشواریوں میں مزید اضافہ ہوگا کیونکہ پیٹرول مہنگا ہونے کے سبب اشیائے خورد و نوش ، بجلی ، مال برداری و دیگر استعمال ہونے والی اشیائ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

ایسے میں حکومت صورتحال کا ادراک کرے اور اس اضافے کو فی الفور واپس لے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے باعث ہر قسم کے کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہوں گے ، کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوں گی اور بے روزگاری میں مزید اضافہ ہوگا جبکہ الیکشن کے بعد حکومت کی جانب سے عوام کیلئے سخت فیصلے کیئے گئے ہیں۔ سکھر ایوان نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اپنے اخراجات کا سارا بوجھ عوام پر ڈالنے کے بجائے اس کو کنٹرول کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کرکے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا نوٹس واپس لے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے۔