عیدالاضحی پر ڈیوٹی دینے والے سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ ملازمین کیلئے اوجڑی الائونس منظور

اوجڑی الائونس کی منظوری پر سی ڈی اے انتظامیہ کاشکریہ اداکرتے ہیں،چوہدری محمد یٰسین

منگل 2 اپریل 2024 20:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2024ء) عیدالاضحی پر ڈیوٹی سرانجام دینے والے سی ڈی اے سینی ٹیشن،انوائرمنٹ اور ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کے ملازمین کیلئے اوجڑی الائونس منظورکروالیاگیا، اسی سلسلے میںسینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے مرکزی دفترمیں اظہارتشکرکی تقریب کا اہتمام کیا گیاجس میں سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین ،صدراورنگزیب خان، سردارمحمد آصف،راجہ محمدرفیق،وارث دلیپ،طارق شریف،راناندیم ،مشتاق مسیح،سید امیرشاہ کاظمی،راجہ غلام مرتضیٰ،ملک محمد اسلم،چوہدری منیر،راجہ ارشد،فاروق نور،نذاکت حسین،یعقوب خان سمیت سی بی اے کمیٹی کے نمائندگان اور ملازمین نے کثیرتعدادمیں شرکت کی۔

اس موقع پر تمام ملازمین نے اوجڑی الائونس منظورکروانے پر سی ڈی اے مزدور یونین کے قائد چوہدری محمد یٰسین اورانکی ٹیم کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں ملازمین کو الائونس دلوانے پر ہم سی ڈی اے مزدور یونین کے قائدین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور اپنی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ مہنگائی کے اس دورمیں سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے ملازمین کے لیے اوجڑی الائونس منظورکرنے پر ہم چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن(ر) انوارالحق،ممبرفنانس طاہر نعیم اختر،ڈپٹی فنانشل ایڈوائزرشاہ نواز،ڈی جی سوک مینجمنٹ جوادحیدرشاہ،ڈائریکٹر معشوق علی شیخ اور پوری انتظامیہ کا شکریہ اداکرتے ہیں،یقینا اس سے غریب ملازمین کی مشکلات میں کمی آئے گی اور وہ اپنے مذہبی تہواراحسن طریقے سے مناسکیں گے۔

انھوں نے کہا کہ بلاشبہ سی ڈی اے مزدور یونین ہی ملازمین کی نمائندہ تنظیم ہے جوملازمین کی بلاتفریق خدمت کررہی ہے اور ہم نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ جہاں ہم نے اپنے مسلم ملازمین کے لیے حج پالیسی بنائی وہاں اپنے مسیحی ملازمین کو انکے مذہبی مقام ویٹی کن سٹی بھیجااور انکے دونوں مذہبی تہواروں پر کرسمس اور ایسٹرالائونس کی منظوری کروائی،سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے چارسوسے زائدملازمین کوٹائم سکیل پروموشن،نوسوسے زائد نئے ملازمین کی بھرتی کروانے سمیت خواتین ملازمین کے لیے بطور میٹ پروموشن کوٹہ مختص کروایا اورہم پچیس سوسے زائد فیلڈسٹاف کی پروموشن کرواچکے ہیں جس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی،مزدور یونین نے ادارے کے مالی،بیلدار،والومین و دیگر فیلڈسٹاف جو اسی سکیل میں ریٹائرڈ ہو جاتاتھااسکی پروموشن کے لیے تعلیم کی شرط کا خاتمہ کروایا جس سے ادارے کے سینکڑوں ملازمین مستفید ہونگے اور وہ اگلے سکیل میں ترقی حاصل کر سکیں گے اس کے ساتھ ساتھ وہ ملازمین جن کی لائن آف پروموشن نہیں ہے ان کی پروموشن کے لیے انتظامیہ سے گفت وشنید جاری ہے اوربہت جلد ملازمین کو انکے پلاٹوں اور پروموشن کے حوالے سے خوشخبری ملے گی،چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ ان مشکل ترین حالات میں ملازمین کو 20فی صد مہنگائی الائونس دلوایا اور تمام الائونسزمیں 50سے 100فی صد اضافہ کروایا جبکہ نام نہادلیڈروں نے اپنی دیہاڑی لگانے کے علاوہ مزدوروں کے لیے کچھ نہیں کیا اور پلاٹوں کے نام پر ملازمین کو بیوقوف بناتے رہے اور دوسری طرف بے روزگارنام نہادلیڈراپنی نوکری پکی کرنے کے لیے سیاسی بیساکھیوں کا سہارالے رہا ہے لیکن وہ اس مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے ،سی ڈی اے مزدور یونین ہمیشہ اپنے ملازمین کی فلاح کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے اور آئندہ بھی انکے حقوق کی خاطر انکے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی ۔