چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود کی ایم ڈی پی ٹی ڈی سی رانا آفتاب سے ملاقات

سیاحت کے فروغ میں وفاقی حکومت کی کوششیں قابل تعریف ہیں، تمام صوبوں میں کیمپنگ سائٹس اور سیاحتی سہولت مراکز قائم کئے جانے چاہئیں، رانا مشہود کی گفتگو

منگل 2 اپریل 2024 21:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2024ء) چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے سیاحت کے فروغ میں وفاقی حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسے مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تمام صوبوں میں کیمپنگ سائٹس اور سیاحتی سہولت مراکز کے قیام کی تجویز پیش کی ہے۔منگل کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کے سیاحتی شعبے کو آگے بڑھانے کیلئے اہم اقدام کے تحت چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر رانا آفتاب کے ساتھ ایک اہم ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران رانا آفتاب نے نئے تعینات ہونے والے چیئرمین کو پی ٹی ڈی سی کے آپریشنل فریم ورک اور اقدامات کے حوالے سے جامع بریفنگ دی جس کامحور پاکستان کی سیاحت کی صلاحیت کو بڑھانے اور اس کوشش میں تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو شامل کرنے کی حکمت عملیوں پر تھا۔

(جاری ہے)

چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے سیاحت کے فروغ میں وفاقی حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسے مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے تمام صوبوں میں کیمپنگ سائٹس اور سیاحتی سہولت مراکز کے قیام کی تجویز پیش کی، جس کا مقصد سیاحوں کو سہولت فراہم کرنا اور مقامی پرکشش مقامات کو فروغ دینا ہے۔مزید برآں انہوں نے پاکستان پورٹل کی وسیع تر تشہیر کی اہمیت پر روشنی ڈالی، یہ ایک وقف پلیٹ فارم ہے جو پاکستان آنے والے سیاحوں کی رہنمائی اور مدد کے لئے بنایا گیا ہے انہوں نیسیاحوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے تجربات تک رسائی فراہم کرنے کے لئے ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

اس کے علاوہ، چیئرمین مشہود نے سیاحت کی سہولت کے لئے ایک وقف ہیلپ لائن کے قیام کی تجویز پیش کی، جس کا مقصد سیاحوں کو پاکستان میں ان کے سفر کے دوران مدد اور رہنمائی فراہم کرنا ہے۔مزید برآں، ڈیجیٹل میڈیا کی طاقت کو بروئے کار لانے کے لئے یہ اعلان کیا گیا کہ نوجوان بلاگرز کے تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ ڈیجیٹل مواد کے ذریعے پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے مواد تخلیق کرنے والوں کو ہنر اور علم سے آراستہ کر سکیں۔ملاقات میں پاکستان کی وسیع سیاحتی صلاحیت کو کھولنے اور دنیا کے سامنے اپنے بھرپور ثقافتی ورثے اور قدرتی خوبصورتی کو دکھانے کے لئے ان اقدامات کو عملی جامہ پہنانے میں قریبی تعاون کے مشترکہ عزم ظاہر کیا گیا۔