چیمپینز لیگ ٹی 20 پھر سے شروع ہونے کا امکان

بھارت، آسٹریلیا اورانگلینڈ پر مشتمل دنیا کے تین بڑے بورڈز نے لیگ دوبارہ شروع کرنے پر کام شروع کردیا

بدھ 3 اپریل 2024 14:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2024ء) ماضی میں ہونے والی کرکٹ کی چیمپینز لیگ ٹی20 پھر سے شروع ہونے کا امکان ہے اور بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ پر مشتمل دنیا کے تین بڑے بورڈز نے لیگ دوبارہ شروع کرنے پر کام شروع کردیا ہے۔آسٹریلیا کی کرکٹ وکٹوریا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے بتایا کہ چیمپیئنز لیگ کے حوالے سے بات چیت جاری ہے تاہم ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا۔

تمام بورڈز کے لیے سب سے بڑا چیلنج اس دوران انٹرنیشنل اور لیگز کے سخت شیڈول کے دوران چیمپیئنز لیگ کے لیے ایسا شیڈول تیار کرنا ہے جس میں لیگ میں کھیلنے والی تمام ٹیمیں دستیاب ہوں۔ممبئی میں ایک ایونٹ میں انہوں نے بتایا کہ چیمپیئنز لیگ اپنے وقت سے آگے کی چیز تھی، اس وقت ٹی20 کا منظرنامہ اتنا تیار نہیں ہوا تھا تاہم اب اس کا درست وقت ہے، اس وقت اس حوالے سے بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے کرکٹ بورڈز کے درمیان بات چیت جاری ہے۔

(جاری ہے)

نک کمنز نے کہا کہ سب سے مشکل کام اس لیگ کے انعقاد کے لیے درست وقت کو ڈھونڈنا ہے کیونکہ اس دوران آئی سی سی کے ایونٹس بھی شیڈول ہیں۔انہوںنے کہاکہ دنیا بھر میں لیگز تو بہت ہورہی ہیں تاہم ہم ابھی تک یہ نہیں جان سکے کہ آئی پی ایل، پی ایس ایل اور بگ بیش میں سے کونسی لیگ بہتر ہے، اس کا پتا جب چلے گا جب میلبرن اسٹارز کی ٹیم کراچی کنگز یا ممبئی انڈینز سے ٹکرائے گی۔

چیمپیئنز لیگ 2009 سے 2014 تک کھیلی گئی تھی تاہم 10 سال قبل اس لیگ کے انعقاد کا سلسلہ روک دیا گیا تھا۔اس وقت دنیا میں صرف انگلینڈ، آسٹریلیا اور بھارت کی لیگز تھیں لیکن اس وقت دنیا کے تمام کرکٹ کھیلنے والے ملکوں کی اپنی اپنی لیگ ٹیمیں ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ایسے میں ماضی کے برعکس اس ٹورنامنٹ کی اہمیت بھی بڑھ جاتی ہے۔اس ایونٹ میں بھارت کی تین، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ سے دو، دو جبکہ پاکستان، ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ سے ایک، ایک ٹیم شریک ہوتی تھی۔2014 میں کھیلے گئے آخری ٹورنامنٹ کے فائنل میں انڈین پریمیئر لیگ کی فرنچائز چنئی سپر کنگز نے ممبئی انڈینز کو شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔