خواجہ سلمان رفیق نے گورنمنٹ شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال میں فسٹولا سنٹر ، آر او پی ٹیلی میڈیسن کا افتتاح کر دیا

بدھ 3 اپریل 2024 18:00

خواجہ سلمان رفیق نے گورنمنٹ شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال میں فسٹولا سنٹر ، آر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2024ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے گورنمنٹ شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال میں فسٹولا سنٹر اور آر او پی ٹیلی میڈیسن کا افتتاح کر دیا۔اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی سمیع اللہ خان، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کامران خالد، پروفیسر ڈاکٹر معین، پروفیسر ڈاکٹر بلقیس شبیر، ایم ایس ڈاکٹر فریاد و دیگر فیکلٹی ممبران موجود تھے۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے تھیلیسیمیا وارڈ میں بچوں کی عیادت کی اور تحائف بھی تقسیم کئے۔انہوں نے کہاکہ گورنمنٹ شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال میں ایچ آر سمیت دیگر تمام ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کریں گے۔ صوبائی وزیرنے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں غلط کام نہیں ہونے دیں گے، مریضوں کی خدمت پر سیاست کسی صورت قابل قبول نہیں، سرکاری ہسپتالوں میں جاری ری ویمپنگ منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ،لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ اور سرگودھا میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنانے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

رکن پنجاب اسمبلی سمیع اللہ خان نے کہاکہ ایم ایس شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال کیلئے بہتری کی کوشش کررہے ہیں۔ وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے کہاکہ پروفیسر ڈاکٹر کامران خالد خواجہ اور پروفیسر ڈاکٹر بلقیس شبیر ہمارے لئے رول ماڈل ہیں، ماضی میں شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال کو نظر انداز کیا گیا لیکن اب اس کی بہتری کا وقت آچکا ہے۔