یوتھ لون پروگرام کا دائرہ کار وسیع کرنے جارہے ہیں، رانا مشہود

جمعرات 4 اپریل 2024 14:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2024ء) وزیر اعظم یوتھ لون پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے کہا ہے کہ ہم یوتھ لون پروگرام کا دائرہ کار وسیع کرنے جارہے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم کا ویژن ہے کہ آئی ٹی انڈسٹری کو بھی 15 سے 25 ارب ڈالر کی انڈسٹری بنائیں۔رانا مشہود نے کہا کہ ملک کوبہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے ہمیشہ چارٹر آف اکنامی کی بات کی ہے، پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کی خبریں آنا شروع ہوگئیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوان محنت کریں گے تو میرٹ کی بنیاد پر صلہ ملے گا، پاکستان نے اگر آگے جانا ہے تو تین سیکٹرز جو ہمیں فوری طور پر فائدہ دے سکتے ہیں وہ آئی ٹی، زراعت اور صلاحیت کی تربیت ہے۔رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ اب دور ڈیجیٹلائزیشن کا ہے، ای گیمنگ کی انڈسٹری اربوں ڈالر کی انڈسٹری بن گئی ہے اور پاکستانی نوجوان اس میں بہت آگے ہیں مگر ای اسپورٹس کی کوئی آرگنائزیشن پاکستان میں نہیں تو ہم اولمپکس ایسو سی ایشن کے ساتھ مل کے پہلی ای اسپورٹس کا قیام عمل میں لا رہے ہیں۔