ج*لاورہائیکورٹ : سنی اتحاد کونسل کے بلال اعجاز چودھری کی استدعا منظور

ڈ*این اے 81 گوجرانوالہ سے ن لیگ کے اظہر قیوم کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل

جمعرات 4 اپریل 2024 17:56

۔لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 اپریل2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے این اے 81 گوجرانوالہ سے ن لیگ کے اظہر قیوم کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس شاہد کریم نے سنی اتحاد کونسل کے بلال اعجاز چودھری کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سنی اتحاد کونسل کے بلال اعجاز چودھری 8 ہزار ووٹوں سے کامیاب قرار پائے، الیکشن کمیشن نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر مخالف امیدوار اظہر قیوم کو کامیاب قرار دے دیا۔

درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ ریٹرننگ افسر نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر درخواست گزار کے اڑھائی ہزار ووٹ کم کر دیئے، عدالت ن لیگی امیدوار اظہر قیوم کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کرے۔بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے سنی اتحاد کونسل کے بلال اعجاز چودھری کی استدعا منظور کرتے ہوئے این اے 81 گوجرانوالہ سے ن لیگ کے اظہر قیوم کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔