عدلیہ پر حملہ آور ہونے یا ججز پر دباؤ ڈالنے کی کوئی بھی کوشش ہرگز برداشت نہیں کریں گے

پی ٹی آئی عدلیہ کیساتھ کھڑی ہے، حملہ آورعناصر کو جلد ازجلد قانون کی گرفت میں لایا جائے، دھمکی آمیز خطوط کے تناظر میں ججز اور اہلخانہ کے تحفظ کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں، ترجمان پی ٹی آئی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 5 اپریل 2024 18:09

عدلیہ پر حملہ آور ہونے یا ججز پر دباؤ ڈالنے کی کوئی بھی کوشش ہرگز برداشت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اپریل2024ء) ترجمان پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ عدلیہ پر حملہ آور ہونے یا ججز پر دباؤ ڈالنے کی کوئی بھی کوشش ہرگز برداشت نہیں کریں گے، تحریک انصاف عدلیہ کیساتھ کھڑی ہے،  حملہ آورعناصر کو جلد ازجلد قانون کی گرفت میں لایا جائے، دھمکی آمیز خطوط کے تناظر میں ججز اور اہلخانہ کے تحفظ کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان پی ٹی آئی نے ججز کو زہریلے مواد پر مشتمل دھمکی آمیز خطوط کی ترسیل ججز کو ہراساں کرنے کی حکومتی سازش قرار دے دیا۔ تحریک انصاف نے دھمکی آمیز خطوط کے سلسلے کی فوری اور جامع تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے ازخود نوٹس کیس کی کارروائی کے آغاز کے بعد زہریلے مواد پر مشتمل خطوط کے سلسلے میں تیزی کا مقصد عدالتوں میں خوف اور بے یقینی کا ماحول پیدا کرنا ہے، ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مشتبہ خطوط کی ترسیل کے ذریعے ججزکو خوف اور دباؤ کا شکار کرتے ہوئے قانون و انصاف پر مبنی فیصلوں سے باز رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے، عدلیہ کے اندر سے غیرآئینی دباؤ اور مداخلت کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کے بعد نظام عدل کو مزید دباؤ کا شکار کرنے والے عناصر کا تعین ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

خاص طور پر تحریک انصاف سے متعلقہ مقدمات کی سماعت کرنے والے ججز کو خطوط بھیجنے کا مقصد واضح طور پر عدالتی فیصلوں پر اثر انداز ہونا ہے، اعلیٰ عدلیہ کے ججز کو یکے بعد دیگرے 'مشکوک' لفافوں کی ترسیل اتنہائی سنجیدہ معاملہ اور عدلیہ پر براہِ راست حملہ ہے۔ معاملے کی فوری اور جامع تحقیقات کرتے ہوئے عدلیہ پر حملہ آور عناصر کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ دھمکی آمیز خطوط کے سلسلے کے تناظر میں اعلیٰ عدلیہ کے تمام معزز ججز اور ان کے اہلخانہ کا تحفظ اور سلامتی یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں، تحریک انصاف عدلیہ کیساتھ کھڑی ہے اور عدلیہ پر حملہ آور ہونے یا ججز کو دباؤ میں لانے کی کسی بھی کوشش کو ہر گز برداشت نہیں کریں گے۔