وزیراعلی سندھ کی کراچی فش ہاربر پر کام کا بوجھ کم کرنے کیلئے کورنگی فش ہاربر کو فعال کرنے کی تجویز

وفاقی وزیر بحری امور کا کیٹی بندر کے ذریعے کوئلہ برآمد کرنے کا مطالبہ، تھر میں کوئلے کے ذخائر اتنے وافر مقدار میں ہیں کہ کوئلہ برآمد کیا جا سکتا ہے،مراد علی شاہ

جمعہ 5 اپریل 2024 22:02

وزیراعلی سندھ کی کراچی فش ہاربر پر کام کا بوجھ کم کرنے کیلئے کورنگی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2024ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ (میری ٹائم افیئرز) قیصر شیخ نے کورنگی فش ہاربر کو مناسب طریقے سے فعال بنانے اور تھر کے کوئلے کی برآمد سمیت دیگر امور کیلئے کیٹی بندر سی پورٹ کے قیام پر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ یہ بات جمعہ کو وزیراعلی ہاس میں ہونے والی ملاقات میں سامنے آئی۔

وزیراعلی اور وفاقی وزیر نے سندھ حکومت اور کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی)کے درمیان زمینی مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور انہیں خوش اسلوبی سے حل کرنے پر اتفاق کیا تاکہ بیرونی سرمایہ کاری کو راغب کیا جاسکے۔ وزیراعلی نے چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ کو ہدایت کی کہ وہ وفاقی سیکرٹری برائے پورٹس اینڈ شپنگ ڈاکٹر ارم سے ملاقات کریں تاکہ زمینی سمیت دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کرکے انہیں حل کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی پورٹ اس قدر لوڈ ہو گئی ہے کہ سندھ کو کوئلہ اور دیگر اشیا برآمد کرنے کیلئے ایک اور بندرگاہ کی ضرورت ہے۔ اس پر وزیراعلی نے کہا کہ انہوں نے کیٹی بندر کو CPEC منصوبوں میں شامل کیا تھا لیکن گزشتہ حکومت (پی ٹی آئی) کے دور میں جب CPEC رک گیا تو اس منصوبے کو کھٹائی میں ڈال دیا گیا۔ وفاقی وزیر قیصر شیخ نے وزیراعلی سے کہا کہ وہ اس معاملے پر وزیر اعظم سے بات کریں اور وہ اس کی پیروی بھی کریں گے تاکہ کیٹی بندر پراجیکٹ کو ترقی دی جا سکے۔

وزیراعلی نے کہا کہ تھر میں کوئلے کے ذخائر اتنے وافر مقدار میں ہیں کہ کوئلہ برآمد کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیٹی بندر سے موٹر وے اور نیشنل ہائی وے تک سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے جس سے اہم اشیا کو دیگر ممالک تک پہنچانے میں بھی مدد ملے گی۔ اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ کراچی فش ہاربر پر ماہی گیری کی کشتیوں کا ہجوم ہے اور اب اس میں مزید کشتیاں نہیں آسکتی ہیں۔

اس پر وزیراعلی نے کہا کہ وہ کورنگی فش ہاربر کو مکمل طور پر فعال کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں تاکہ کراچی فش ہاربر کے بڑھتے ہوئے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔ وزیراعلی نے کہا کہ ماہی گیری کی کشتیوں کو کورنگی فش ہاربر پر سہولیات فراہم کی جائیں گی اور وہاں ایک نیلام گھر بنایا جائے گا تاکہ وہ اپنے کیچ کو وہاں نیلام کر سکیں۔ مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ پر زور دیا کہ وہ صوبے کی ساحلی پٹی میں ماہی گیروں کی فلاح و بہبود اور بحالی کے لیے کچھ منصوبے شروع کریں۔

اس پر مسٹر قیصر نے وزیراعلی کو یقین دلایا کہ وہ ان کی تجویز پر کام کریں گے۔ وزیراعلی نے کہا کہ وفاقی وزیر کراچی کے معروف صنعتکار ہیں اس لیے انہیں کراچی میں صنعتی شعبے کی ترقی اور مزید سرمایہ کاری لانے میں ان کی مدد کرنی چاہیے۔ وفاقی وزیر نے وزیراعلی کو یقین دلایا کہ وہ کراچی، ٹھٹھہ اور حیدرآباد میں صنعتی شعبے کی ترقی کیلئے انکے ساتھ مل کر کام کریں گے۔