زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور میٹاجینی بزنس گروپ کینیڈا کے مابین زرعی میدان میں مشترکہ کاوشیں عمل میں لانے کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

جمعہ 5 اپریل 2024 22:18

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اپریل2024ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور میٹاجینی بزنس گروپ کینیڈا کے مابین زرعی میدان میں مشترکہ کاوشیں عمل میں لانے کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ معاہدے پر دستخط زرعی یونیورسٹی فیصل آبادکے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں اور میٹاجینی بزنس گروپ کینیڈا کی سی ای او حرا عاصم نے وائس چانسلر چیمبر میں منعقدہ تقریب کے دوران ہوئے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ایکسٹرنل لینکجز ڈاکٹر کاشف سلیمی، ڈاکٹر ظہیر احمد، اسامہ عاصم، ڈاکٹر محمد طاہر و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

معاہدے کے مطابق دونوں ادارے تحقیق، تربیت اور تدریسی میدان میں مشترکہ کاوشیں کریں گے۔ مزید برآں دونوں ادارے کیپسٹی بلڈنگ، تدریسی معلومات کا تبادلہ، مربوط تحقیقی منصوبہ جات کے سمیت سیمینارز، کانفرنسز کا بھی انعقاد کریں گے۔

ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد زراعت کو درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ غذائی استحکام اور دیہی ترقی کو یقینی بنا کر ترقی کا نیا باب مرتب کیا جا سکے۔ انہوںنے کہا کہ مشترکہ کاوشوں سے ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کے ساتھ ساتھ زرعی ترقی کے لئے امور سرانجام دیئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :