ڈی جی خان میں سخی سرور کے مقام پر ریت اور پتھر کی سب سے بڑی چوری پکڑی گئی

ڈپٹی ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر معطل ،ملی بھگت سے قومی خزانے کو روزانہ کروڑوں کا ٹیکہ لگ رہا تھا

اتوار 7 اپریل 2024 19:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2024ء) صوبائی وزیر معدنیات سردار شیر علی گورچانی نے سخی سرور کے پہاڑی علاقے میں اچانک چھاپہ مار ا جہاں ریت اور پتھر کی سپلائی میں کروڑوں روپے کی بے ضابطگی سامنے آگئی۔ مقامی افسران اور ملازمین کی ملی بھگت سے قومی خزانے کو روزانہ کروڑوں کا ٹیکہ لگ رہا تھا۔ صوبائی وزیر معدنیات سردار شیر علی گورچانی نے اپنی ٹیم اور مقامی پولیس کے ساتھ سخی سرور کے پہاڑی علاقے میں ریڈ کی جہاں ریت اور پتھر کی غیرقانونی ترسیل کی جا رہی تھی۔

صوبائی وزیر نے فوری گرفتاریاں اور ایف آئی آرز درج کرنے کا حکم دے دیا۔ محکمہ معدنیات سخی سرور کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو فوری معطل کرنے کے احکامات جاری کئے۔ ملوث افسران اور ملازمین کیخلاف ایف آئی آر کروانے کا بھی حکم دے دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ بغیر لیز اور آکشن کے گزشتہ دو سال سے غیر قانونی طور پر ریت اور پتھر کے ٹرک بھر بھر کے ملک بھر میں ناجائز طور پر سپلائی جاری تھی۔

روزانہ کی بنیاد پر تقریبا 3000 ایسے ٹرک پورے ملک میں بھیجے جاتے ہیں جن پر ڈھائی سے تین ہزار فی ٹرک رشوت لی جاتی ہے۔ لیکن اب مافیاز کے ساتھ مل کر سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے والے ملازمین اور افسران کو کسی صورت معافی نہیں ملے گی۔ ان کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ لیز اور آکشن نے ہونے تک اب یہ سپلائی معطل رہے گی۔ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے اور عوام کے پیسے پر لوٹ مار کی اجازت کسی صورت نہیں دے سکتے۔

متعلقہ عنوان :