اظہر محمود قومی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ کیلئے مضبوط امیدوار

وائٹ بال اور ریڈ بال کرکٹ کے اسسٹنٹ کوچ ہوں گے تاہم اس کا اعلان 20 اپریل کے بعد ہی کیا جائے گا تاکہ تمام رسمی کارروائیاں مکمل ہو سکیں: ذرائع

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 8 اپریل 2024 10:51

اظہر محمود قومی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ کیلئے مضبوط امیدوار
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 اپریل 2024ء ) پاکستان کے سابق آل راؤنڈر اظہر محمود پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے وائٹ بال اور ریڈ بال کرکٹ کے لیے الگ الگ ہیڈ کوچز کا فیصلہ کیا ہوا ہے جس کے لیے اشتہار بھی دے رکھا ہے لیکن اس دوران پی سی بی کے کوچز کے لیے معاملات طے پا چکے ہیں۔ پی سی بی کی جانب سے اسسٹنٹ کوچ کے لیے دو روز قبل اشتہار دیا گیا تھا، درخواستیں جمع کرانے کے لیے آخری تاریخ 20 اپریل ہے جب کہ ہیڈ کوچز کے لیے درخواستیں 15 اپریل تک جمع کرائی جا سکتی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اظہر محمود وائٹ بال اور ریڈ بال کرکٹ کے اسسٹنٹ کوچ ہوں گے تاہم اس کا اعلان 20 اپریل کے بعد ہی کیا جائے گا تاکہ تمام رسمی کارروائیاں مکمل ہو سکیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح ہیڈ کوچز کا اعلان بھی 15 اپریل کے بعد متوقع ہے، وائٹ بال کے ہیڈ کوچ کے لیے گیری کرسٹن اور ریڈ بال کے ہیڈ کوچ کے لیے جیسن گلیسپی کے ساتھ معاملات طے پا چکے ہیں۔ اظہر محمود اس سے قبل بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ رہ چکے ہیں، وہ پی ایس ایل کی فاتح اسلام آباد یونائیٹڈ کے اس وقت بولنگ کوچ ہیں ۔ اظہر محمود کو کوچنگ کا تجربہ ہے اور وہ اسسٹنٹ کوچ کے مطلوبہ معیار پر پورا اترتے ہیں۔